Tag Archives: جلیل عباس جیلانی

عالمی برادری اسرائیل پر جنگ بندی کیلئے دباؤ ڈالے،پاکستان



نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ فوری جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل کرے۔

تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری جاری رکھتے ہوئے بجلی،تمام مواصلاتی رابطے کاٹ دیے ہیں۔

اس اندھیرے میں ہمیں معصوم فلسطینیوں کی حالت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ آج جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ مارچ ہوگا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کرینگے۔

امریکا کا جنگ بندی کی قرار داد کو ویٹو کرنا تشویشناک ہے ،پاکستان



نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ امریکا کا جنگ بندی کی قرار داد کو ویٹو کرنا تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ غزہ میں ابھی تک صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

پاکستان نے خصوصی پرواز کے ذریعے جو امدادی سامان بھجوایا تھا امید ہے وہ بھی جلد فلسطینی بہن بھائیوں تک پہنچ جائے گا۔

بیرون ملک پاکستانی مشن بھی اپنا موقف وہاں کی حکومتوں تک پہنچا رہے ہیں۔

فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے تیار ہیں،اسرائیل پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی: پاکستان



نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے معاملے پر واضح موقف رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، ہم غزہ کے گھیرائو کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر سعودی عرب سے رابطے میں ہیں، اوآئی سی کے 18 اکتوبر کو جدہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کروں گا۔ غزہ میں انسانی امداد کے لیے ہمارا اقوام متحدہ سے بھی رابطہ ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں انسانی المیہ ایجنڈے پر ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کررہے ہیں، چینی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ اس موقع پر وزیراعظم عالمی رہنمائوں سے بھی ملیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک پر بات چیت چل رہی ہے، سی پیک معاملے پرسیکیورٹی سے متعلق بیرونی وجوہات کی وجہ سے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر درست نہیں۔ افغانستان پر جب بھی کوئی مشکل پڑی انہوں نے پاکستان کی طرف دیکھا۔ افغان حکومت نے زلزلہ زدگان کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔

اسرائیلی قابض افواج فلسطینیوں پر مظالم فوری بند کریں ، پاکستان کا مطالبہ



نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر بھی گہری تشویش ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے لکھا کہ موجودہ صورتحال میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں اور اسرائیلی قابض افواج کے تشدد اور جبر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے مزید لکھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قابل عمل اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ عالمی برادری کو تنازعات کے خاتمے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے فوری مداخلت کرے۔

کوئی ملک تارکین وطن کو اپنے ملک رہنے کی اجازت نہیں دیتا، نگراں وزیر خارجہ



اسلام آباد (این این آئی)نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ کوئی ملک تارکین وطن کو اپنے ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔

پاکستان کا یہ فیصلہ بین الاقوامی طرزعمل کے مطابق ہے۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغان مہاجرین کو پاکستان سے ملک بدر کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں افغان باشندوں سمیت تمام غیر قانونی تارکین وطن کو ملک چھوڑنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک غیر قانونی لوگوں کو اپنے ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دیتا، چاہے وہ یورپ، ایشیا کے ممالک ہوں یا ہمارے پڑوس میں ہوں، یہ بین الاقوامی طرز عمل کے مطابق ہے جب ہی ہم نے فیصلہ کیا ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ جب بھی کوئی مسئلہ ہوتا ہے، تو لوگ پاکستان ہجرت کر جاتے ہیں اور یہاں پر میں پناہ لیتے ہیں لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ اسے 40 سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، اس کے پیش نظرحکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے۔

افغانستان میں کئی دہائیوں کی جاری جنگ2021 کے وسط میں ختم ہوئی، تو طالبان نے دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا تھا کیونکہ امریکا کی زیر قیادت غیر ملکی افواج انخلا کر رہی تھیں۔

نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مہاجرین کے معاملے پر افغانستان کے ساتھ بہت عرصے سے بات کر رہا ہے اور اس نے بین الاقوامی انسانی امداد کرنے والے اداروں سے اس عمل میں مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیل سے تعلقات پر پاکستان اپنا فیصلہ ملکی مفادات میں کریگا،نگراں وزیرِ خارجہ



اسلام آباد (این این آئی)نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات کے معاملے پر پاکستان اپنا فیصلہ ملکی مفادات میں کرے گا۔

اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے معاملے پر نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل سے تعلقات کے معاملے پر پاکستان فلسطینی عوام کے مفادات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ 6 سے 7 مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔

اپنے بیان میں اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن ہے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن پر اسرائیل نے مبارک باد بھی دی ہے۔اسرائیلی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے بادشاہ، حکومت اور عوام کو مخلصانہ مبارک باد اور دعائیں پیش کرتے ہیں۔