Tag Archives: حارث رئوف

اسکول فیس کیلئے نمکو فروخت کرتا تھا، قومی کرکٹر حارث رف پر دستاویزی فلم جاری



لاہور (این این آئی)قومی کرکٹر حارث رئوف نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کرکٹ کھیلنے کی خاطر گھر سے اپنا حلیہ بدل کر دوست کے گھر جایا کرتے تھے اور وہاں سے کپڑے اور جوتے پہن کر ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے جاتے تھے۔

ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ نے پاکستانی اسٹار بولر حارث رئوف پر ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے جس میں حارث کا راولپنڈی میں پرانا گھر بھی دکھایا گیا اور وہ گلیاں بھی دکھائی گئیں جس میں کرکٹ کھیل کر حارث بڑے ہوئے۔

ڈاکیومنٹری میں حارث رئوف نے اپنی زندگی کی ابتدائی مشکلات پر گفتگو کی، قومی کرکٹر 7 بہن بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں اور ان کے والد ویلڈر تھے جو بمشکل اپنے کام سے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔

حارث رئوف نے بتایا کہ ان کے والد اور چاچا سب ایک ہی چھوٹے سے گھر میں رہتے تھے، چچاں کی شادی کے بعد ان کو کمرے دینے پڑے تو ایسے حالات آگئے کہ ہمیں کچن میں بھی سونا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ میں اپنی اسکول کی فیس دینے کے لیے ہر اتوار بازار میں نمکو فروخت کرتا تھا، اس سے اسکول کی فیس نکل آتی۔

بعدازاں یونیورسٹی میں گیا تو ہر 6 ماہ بعد 70 سے80 ہزار چاہیے ہوتے تھے، اس کے لیے میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلتا تھا جس کے اچھے پیسے ملتے تھے، مہینے کے 2 سے ڈھائی لاکھ ہوا کرتے تھے جس سے میں فیس نکالتا اور کچھ جمع کرتا، والدہ کا خواب تھا کہ اپنا گھر ہو۔

حارث رئوف نے کہا اب میرے پاس ایک گھر اور گاڑی ہے، جب میں نے گاڑی خریدی تو میرے والد رونے لگے اور کہا کہ ان کی اس گاڑی میں بیٹھنے کی بھی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرا خاندان خوش ہے تو میں خوش ہوں، یہ میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔

ورلڈکپ سیمی فائنل میں کون ہوگا نہیں پتا ،خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں، حارث رؤف



لاہور(این این آئی) ورلڈکپ 2023 کے اسکواڈ میں شامل قومی کرکٹر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کون کون ہوتا ہے اس کا علم نہیں تاہم ہم خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے، ایشین کنڈیشنز ہیں فرق نہیں پڑے گا، ہم بہترین ہیں، ہم جارح مزاج ہیں اور ہم اچھا کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

نسیم شاہ کے ورلڈکپ سے باہر ہونے پر حارث رؤف نے کہاکہ نسیم سے فرق تو پڑے گا وہ نہیں ہیں تاہم جو دوسرے بولرز ہیں وہ بھی اچھے ہیں اور متحرک ہیں، حسن علی کا کم بیک ہے امید ہے وہ اچھا کریں گے۔

بولنگ اسکلز پر بات کرتے ہوئے حارث رئوف نے کہاکہ نیاگیند کرنا یاپرانا کرنا میرے ہاتھ میں نہیں ہے، مجھے جہاں موقع ملے گا میں 100 فیصد دینے کی کوشش کروں گا، کوئی انفرادی گول نہیں، پہلے ٹیم کا سوچنا ہے بعد میں اپنا، وہاں جا کر دیکھیں گے کہ کنڈیشنز کیسی ہیں اور پھر پلان سیٹ کریں گے۔

میرے لیے ہر وکٹ اہم ہوتی ہے، اچھے کھلاڑی کو آؤٹ کرکے اعتماد ملتا ہے، ویرات کوہلی کو آؤٹ کر پایا تو تھیک ہے نہ بھی کر پایا تو پھر بھی ٹھیک ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے ہمارے بولرز نے ہمیشہ پرفارم کیا ہے،ایسا نہیں ہے کہ ہمارے بولرز بڑے میچز میں اچھا نہیں کر پاتے۔