Tag Archives: خبردار

خبردار! اگر زمینی حملہ کیا تو۔۔۔حماس نے جنگی تیاریوں ویڈیو جاری کر دی



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو غزہ پر زمینی حملے سے خبردار کیا ہے اور اپنی جنگی تیاریوں کی ایک ویڈیو جاری کر دی ہے۔

مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے جو فرضی ویڈیو جاری کی گئی ہے اس میں ٹینکوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دوسری طرف حزب اللہ بھی لبنان کے مقبوضہ علاقے شیبا فارمز میں اسرائیل کے خلاف برسرپیکار ہے اور فوجی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اِدھر امریکا اسرائیل کی حمایت میں کھڑا ہے اور دوسرا بحری بیڑا بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کے مخالفین کو ایک پیغام دیا ہے۔

ایران نے بھی سلامتی کونسل کو خبردار کر دیا ہے کہ اگر فلسطینیوں کی نسل کشی نہ روکی گئی تو حالات کسی کے کنٹرول میں بھی نہیں رہیں گے۔

دوسری جانب روس نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیل فلسطین جنگ بندی کے لیے قرارداد پر پیر کو ووٹنگ کرائے۔

سابق موساد سربراہ نے اسرائیل کو غزہ میں زمینی آپریشن سے خبردار کر دیا



موساد کے سابق سربراہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ میں زمینی آپریشن سے باز رہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے جنگ کے اگلے مرحلے کے اعلان کے بعد موساد کے سابق سربراہ نے بن یامین نیتن یاہو کو مشورہ دیا ہے کہ غزہ پر چڑھائی کے بجائے تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے بمباری کے بعد اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2200 سے تجاوز کر گئی ہے، صرف ایک روز میں 400 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے اب غزہ پر بری، بحری اور فضائی حملوں کی تیاری بھی کی جا چکی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بمباری کے دوران اسرائیل پر حملے کی کمان کرنے والے حماس کمانڈر کو شہید کر دیا گیا ہے جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے 4 غیرملکیوں سمیت 9 یرغمالیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

غزہ میں اس وقت صورت حال انتہائی گھمبیر ہے، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 4 لاکھ سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ 20 لاکھ سے زیادہ پانی سے محروم ہیں۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ مزاحمتی گروپ اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناپاک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

زمینی حملہ کیا تو فوج کو نیست و نابود کر دینگے: حماس نے اسرائیل کو خبردار کر دیا



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر فلسطین پر زمینی حملہ کیا گیا تو اسرائیلی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

حماس کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ القدس کے تحفظ کے لیے مزاحمتی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، ہمیں توقع سے زیادہ کامیابی ملی ہے اور اسرائیلی فوج کا غزہ ڈویژن تباہ کر دیا گیا ہے۔

فوجی ترجمان نے کہا کہ آپریشن ’الاقصیٰ فلڈ‘ کے لیے خفیہ تیاری کی گئی تھی، اور اس کے لیے مزاحمتی قوتوں کے ساتھ رابطے پہلے سے تھے۔

دوسری جانب مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈ کے ترجمان ابوحمزہ نے کہا ہے کہ 1948 میں فلسطین کے پاس جو علاقے موجود تھے وہ واپس لینے کے لیے ہم جلد کئی محاذ کھولیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا، فرانس اور دیگر ملکوں کے شہری اسرائیل کی جانب سے لڑنے والوں میں شامل ہیں اور صرف اسرائیلی فوج کی وردیاں پہنی ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو جنگ کے دوران یرغمال بنایا گیا ہے ان میں بہت سے امریکی اور فرانسیسی شہری ہیں۔

امریکا نے ایران کو اسرائیل کے بحران میں ملوث ہونے سے خبردار کر دیا



برسلز(این این آئی)فوجی طیارے میں سوار امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل چارلس بران نے ایران کو اسرائیل کے بحران میں ملوث ہونے کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ تنازعہ پھیلے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے لیے ان کے پیغام کے بارے میں پوچھے جانے پر بران نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران اس معاملے میں عدم مداخلت کی پالیسی پر چلے۔

انھوں نے اپنے ساتھ برسلز جانے والے صحافیوں کے ایک چھوٹے سے گروپ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ٹھوس پیغام دینا چاہتے ہیں۔

ہم نہیں چاہتے کہ یہ معاملہ پھیلے۔ اہم بات یہ ہے کہ ایران اس پیغام کو سمجھے۔

یہ انتباہ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کی جانب سے طوفان الاقصی حملے میں تہران کے ملوث ہونے کی تردید کے بعد سامنے آیا ہے۔

انہوں نے فلسطینی دھڑوں کے اس دعوے کی تردید کی تھی جس میں کہا تھا کہ ایران نے اسرائیل پر حملے میں فلسطینیوں کی مدد کی ہے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے طوفان الاقصی حملے میں تہران کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا اس کارروائی میں کوئی کردار نہیں۔