Tag Archives: دفتر خارجہ

پاکستان کی غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے غزہ کے الاہلی الممدنی ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادیوں اور تنصیبات کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرائم کا حصہ ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ اس ہسپتال میں جہاں شہری پناہ اور ہنگامی علاج کی تلاش میں تھے پر حملہ غیر انسانی اور ناقابل دفاع ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری آبادیوں اور تنصیبات کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرائم کا حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے جہاں اسرائیلی حکام گزشتہ چند دنوں سے کھلے عام درندگی اور بربریت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

اقوام متحدہ فلسطین میں سیز فائر کے لیے کوششیں کرے: پاکستان کا مطالبہ



پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے بھرپور کوششیں کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں معصوم بچوں اور خواتین کی شہادتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہےٓ اور اُن پر زمین تنگ کی جار ہی ہے، اس وقت مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلس میں مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، حریت جماعتوں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔

زینب عباس کیخلاف بھارت میں کیس بنانا درست اقدام نہیں: پاکستان



دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھارت جانے والی پاکستانی کمنٹیٹر زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر بنایا گیا کیس درست اقدام نہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے میزبان کی حیثیت سے سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر کیس بنایا گیا اور انہیں اس میں گھسیٹا جا رہا ہے۔

ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ پاکستانی صحافیوں اور کرکٹ شائقین کو ویزے جاری کرنے کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک بھارتی وکیل وینیت جندال نے الزام عائد کیا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کےخلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے، انہوں نے سوشل میڈیا تبصروں کو ان سے منسوب کرتے ہوئے ان کے خلاف درخواست دائر کی اور ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں زینب عباس نے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت چھوڑ دیا تھا۔

پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم سب کے خلاف کارروائی ہورہی ہے: دفتر خارجہ



ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، صرف افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہمیشہ مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کی فراہمی بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔

ممتاز زہرا نے کہاکہ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے خلاف ہے۔ ہماری افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ہم غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ تبت میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے موقع پر پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہو گی جس میں دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ممتاز زہرا نے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔