Tag Archives: دہشتگردی

دہشتگردی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں افغان سموں کے استعمال کا انکشاف: سرحدی علاقوں میں پابندی کی سفارش



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں میں افغان موبائل سموں کے استعمال کے انکشاف پر حساس اداروں نے سرحدی علاقوں میں افغان سموں کے استعمال پر پابندی کی سفارش کر دی۔
دنیا نیوز کےذرائع کے مطابق غیر رجسٹرڈ افغان سمیں پاک افغان سرحدی علاقوں میں دستیاب ہیں، دہشت گرد افغان سمز کو واٹس ایپ سمیت دیگر ایپس چلانے کیلئے استعمال کرتے ہیں، مجرم نگرانی اور شناخت چھپانے کیلئے بھی افغان سمز استعمال کرتے ہیں۔

اس ضمن میں تجاویز دی گئی ہیں کہ سرحدی علاقوں میں مقامی موبائل سروسز کا مضبوط انفراسٹرکچر لگایا جائے، بی ٹی ایس تنصیب سے فون سیٹ زبردستی مقامی نیٹ ورک پر منتقل ہوں گے۔
صارفین کو کھلے وائی فائی تک رسائی سے قبل شناخت دینے کا پابند بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وائی فائی انٹرنیٹ پر مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی ہونے پر افراد کی نگرانی کی جائے۔

میانوالی: کنڈل پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک



پنجاب کے علاقے میانوالی میں کنڈل کے مقام میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کی پیٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر 10 سے 12 دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، اس دوران چیک پوسٹ کی چھت پر موجود اہلکار کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی جس سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس کا بتانا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملہ دو اطراف سے کیا گیا مگر پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پولیس سپاہی کی شناخت ہارون خان کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق بھاگنے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

لکی مروت: جیل، تھانے اور پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا دھاوا



خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں نے جیل، تھانے اور پولیس چوکی پر حملے کیے ہیں جنہیں پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مسلح دہشتگردوں نے رات کے وقت جیل، تھانے اور پولیس چوکی پر دھاوا بولا۔ اس موقع پر پولیس کے بہادر جوانوں نے حملے ناکام بنا دیے۔

دہشتگردوں نے دھاوا بولتے ہوئے پولیس چوکی پر دستی بم پھینکے جبکہ شدید فائرنگ بھی کی گئی، پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور اس دوران دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اس کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے لکی مروت میں تھانے پر دھاوا بولا گیا مگر وہاں پر بھی پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ جیل پر حملے کے دوران بھی دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوئے۔

سینیئر پولیس آفیسر نے بتایا ہے کہ دوطرفہ فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔