سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ روز میرے حلقے کے لوگوں نے میری گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے گزشتہ روز کاہنہ میں لوگوں کی جانب سے گاڑی روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آج میں نے حلقے کے نمائندوں کو اپنے پاس بلا کر مسائل کو سنا اور حل کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
کل میں نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا۔ اس کیمپین کا مقصد صرف اپنا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھنا ہی نہی بلکہ ان کی باتیں اور تجاویز سن کر ان سے سیکھنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا بھی ہے۔ کل میرے حلقے سے کچھ لوگوں نے میری گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کیے۔ آج… pic.twitter.com/tCLOodWBss
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 5, 2023
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاست عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور یہ خلق خدا کی خدمت کر کے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کاہنہ کے عوام نے شہباز شریف کی گاڑی کو روک لیا تھا، اس موقع پر ان کو برا بھلا کہا گیا اور گاڑی کا شیشہ بھی توڑ دیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہو رہی تھیں مگر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی، اب شہباز شریف نے خود واقعے کی وضاحت کی ہے۔