اسلام آباد : سابق صدر آصف علی زرداری جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچ گئے۔
آصف علی زرداری نے مولانافضل الرحمان سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کی ۔ اسلام آباد میں جے یوآئی سربراہ کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔
50 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں سابق صدرآصف زرداری کے ہمراہ ڈاکٹر عاصم اور رخسانہ بنگش جبکہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا عبدالغفور حیدری بھی موجود تھے۔
ادراک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں عام انتخابات اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پراتفاق کیا گیا انتخابات کاانعقاد تمام متعلقہ لوگوں کو اعتماد میں لے کراتفاق رائے سے کیا جائے تاکہ کسی کواعتراض نہ ہو۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پیپلز پارٹی اور جے یو آئی انتخابی اتحاد کر سکتے ہیں ؟ تو مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ اس بارے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا البتہ سیٹ ایڈجسمنٹ ہوسکتی ہے لیکن اس کا فیصلہ انتخابات کی تاریخ کے باقاعدہ اعلان کے بعد ہوگا۔