Tag Archives: سانحہ 9 مئی

سانحہ 9 مئی ، 44 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری



لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 3 مقدمات میں 44 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔

 انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے مقدمات کی سماعت کی۔ پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزمان کو طلبی کے نوٹس بھیجے گئے ہیں، ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں۔ جس کے بعد عدالت نے 44ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔

ریس کورس میں سی سی ٹی وی کیمرے توڑنے کے کیس میں 9 ملزمان ، مغل پورہ میں پولیس گاڑیاں توڑنے کے کیس میں 19 اور گلبرگ میں پولیس گاڑی جلانے کے کیس میں 16 ملزمان کے نا قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ۔

9مئی واقعات: فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شروع



وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ سانحہ 9 مئی سے متعلق فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے متفرق درخواست کے ذریعے عدالت عظمیٰ کو سویلینز کے ٹرائل کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

متفرق درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جن افراد کو فوجی تحویل میں لیا گیا ہے وہ جی ایچ کیو راولپنڈی، کورکمانڈر ہائوس لاہور سمیت دیگر فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہیں۔

درخواست کے مطابق ان افراد کی گرفتاریاں پاکستان آرمی ایکٹ 1952 اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عدالت کے 3 اگست کے حکمنامے کی روشنی میں ٹرائلز کے آغاز سے مطلع کیا جا رہا ہے۔

درخواست کے مطابق 9 اور 10 مئی کو پیش آنے والے واقعات کے بعد 102 افراد کو گرفتار کیا گیا، زیر حراست افراد کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرائل کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جو شخص ٹرائل کے دوران قصور وار ثابت نہیں ہو گا اسے بری کر دیا جائے گا۔

متفرق درخواست میں لکھا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے دوران قصور وار ثابت ہونے والوں کو معمولی سزائیں دی جائیں گی۔ جبکہ ان سزائوں کے خلاف متعلقہ فورم سے بھی رجوع کیا جا سکے گا۔

9 مئی واقعہ میں ملوث افراد کو معافی دلوانا زندگی کا مشن ہے، شیخ رشید



سابق وفاقی وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری زندگی کا مشن ہے کہ جیلوں میں موجود بیگناہ لوگوں کو رہائی دلوائوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہاکہ میں چلا کاٹ کر واپس آیا ہوں مگر مجھے اس دوران کسی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

شیخ رشید نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے چلے کے دوران انہیں دعائوں میں یاد رکھا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جن لوگوں سے 9 مئی کی غلطی سرزد ہوئی اور اس کے بعد گرفتار یا روپوش ہیں انہیں معافی دلوانا میری زندگی کا مشن ہے۔

انہوں نے اپیل کی کہ 9 مئی واقعہ کے ذمہ داران کی عام معافی کے مشن میں عوام میرا ساتھ دیں۔ کل سے اس مشن کا آغاز ہو جائے گا۔