Tag Archives: سخاروف ایوارڈ

ایران کی مہسا امینی کے لئے یورپی یونین کے اعلیٰ اعزاز کااعلان



یورپی یونین نے ایران میں لباس کی سخت پابندیوں کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والی 22 سالہ مہاساامینی کو انسانی حقوق کے اعلیٰ اعزاز سخاروف پرائز سے نوازا ہے۔
16 ستمبر 2022 کوایرانی پولیس کی حراست میں مہاسا امینی کی موت پر ایران میں ملک گیر مظاہرے ہوئے تھے اور منظم تحریک کی شکل اختیار کرگئے تھے، اس تحریک میں سامنے آنے والے نعرے عورت، آزادی اور زندگی آج بھی ایک مہم کی شکل اختیار کئے ہوئے ہیں۔
جمعرات کو یورپی پارلیمنٹ کی اسپیکر روبرٹا میٹسولا نے ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئےکہا، “22 سالہ جینا مہسا امینی کے وحشیانہ قتل نے خواتین کی قیادت میں ایک ایسی تحریک کو جنم دیا جو تاریخ رقم کر رہی ہے۔”
میٹسولا نے کہا کہ تحریک کا تین لفظوں کا نعرہ “ایران میں مساوات، وقار اور آزادی کے لیے کھڑے ہونے والے تمام لوگوں کے لیے ایک آواز ہے۔”
یورپی یونین کایہ اعلان ایرانی حقوق کی علمبردار نرگس محمدی کو امن کا نوبل انعام دینے کے دو ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔
محمدی کو امن کا نوبل انعام ایران میں لازمی حجاب کے خلاف اور ملک میں خواتین پر ہونے والے ظلم کے خلاف ان کی جدوجہد کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔
سخاروف انعام کی مالیت50 ہزار یورو کے برابر ہے جو 13 دسمبر کو یورپی پارلیمنٹ کی ایک تقریب میں امینی کی فیملی کودیا جائے گا۔