Tag Archives: سردی

لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ



لاہور ( این این آئی) ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والی بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ درجہ حرارت کم ہونے کے باعث سردی میں اضافہ ہوا ۔

صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، کینال روڈ، دھرم پورہ، لکشمی چوک، نسبت روڈ کے علاقوں میں بارش ہوئی، کاہنہ، گجومتہ، فیروز پور روڈ، ساندہ، کرشن نگر، بند روڈ، اچھرہ، چونگی امرسدھو، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ میں بھی بادل برسے۔

گلبرگ، گلشن راوی اور دیگر علاقوں میں بھی جل تھل ایک ہوگیا۔شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 رہا بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، ساہیوال، عارف والا، بہاولنگر، نارووال، گوجرہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سانگلہ ہل میں بھی خوب بادل برسے ۔بارش کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 24گھنٹوں کے دوران تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں 28ملی میٹر، کوئٹہ میں 2، قلات میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دالبندین میں بھی بادل برسے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت، خضدار، لسبیلا، ژوب، بارکھان، آواران اور تربت میں تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

’’گرم کپڑے نکال لیں‘‘ اگلے ہفتے سے سردی شروع



محکمہ موسمیات نے آج سے 17 اکتوبر تک موسلادھار بارش اور برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا اگلے ہفتے سے سردی کی لہر آنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا کہ مغربی ہوائیں آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، کے پی، پنجاب اوراسلام آباد میں آج سے پانچ دن تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
موسلادھاربارش سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ سترہ اور اٹھارہ اکتوبر کے دوران سندھ اور بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی نے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، صوابی، خیبر، مہمند، باجوڑ، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ سمیت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور، اور گلگت بلتستان کے دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر کے علاقوں میں درمیانے درجے کے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ ہو گی یا نہیں؟ وزیر توانائی نے بتا دیا



اسلام آباد (این این آئی) نگراں وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ اس سال بھی گیس لوڈ شیڈنگ ہو گی، جس طرح گزشتہ سال دن میں 8 گھنٹے گیس آتی تھی، اسے جاری رکھیں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ موسمِ سرما میں گیس کی کمی پوری کرنے کے لیے 2 ایل این جی کارگوز خرید لیے ہیں۔

نگراں وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا کہ بجلی چوروں سے اب تک 16 ارب روپے کی ریکوری ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نجکاری کے حوالے سے قومی ایئر لائن پی آئی اے پہلی ترجیح ہے۔