Tag Archives: سرفراز بگٹی

غیرقانونی غیر ملکیوں کو مرحلہ وار بھیجا جائیگا،حکومت پر کوئی دباؤ نہیں ، سرفراز بگٹی ، مرتضیٰ سولنگی



وفاقی وزراء  سرفراز بگٹی اور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ غیرقانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئےحکومت پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ 

 نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے  کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی افراد کیساتھ کاروبار ،اُنہیں گھر کرائے پر دینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی ایسے پاکستانیوں کے خلاف بھی فارن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

 اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اپنے وطن واپس بھیجنے کے لئے ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، اس تمام عمل کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی نظام وضع کیا جائے گا، انخلا کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں ہوئی۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ غیر ملکی اور غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے انخلا کے لیے وزیراعظم نے ایک ورک پلان کی منظوری دی ہے، جس کے تحت انہیں مرحلہ وار واپس بھیجا جائے گا۔ جن غیر قانونی لوگوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے وہ قانونی طریقے سے دوبارہ واپس آ سکتے ہیں۔

غیرقانونی غیرملکیوں کو نکالنے پرسمجھوتہ نہیں ہوگا، پناہ دینے والے باز رہیں،سرفراز بگٹی



نگران وزیرداخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو نکالنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے تارکین وطن کی حوصلہ افزائی کریں گے لیکن یکم نومبر کے بعد غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیرملکیوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا مختلف شہروں میں سینٹرز بنائے گئے جہاں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو رکھا جائے گا۔ ہم نے غیر ملکیوں سے متعلق جیو فینسنگ کر لی ہے، ہمیں معلوم ہے کہ  غیرقانونی تارکین وطن کس گاوں اور کس شہر میں ہیں، کوئی بھی غیرقانونی مقیم افراد کو پناہ دے گاتو سختی سے نمٹیں گے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا مہم غیرقانونی مہاجرین سے متعلق ہے قانونی دائرے میں آنے والوں کا مسئلہ نہیں ہے، ویزا لے کر پاکستان آئیں ہم مہمان نوازی کریں گے ہم مہمان نواز ہیں۔

نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا ملک میں سیاسی قیادت کو تھریٹس موجود ہیں، وقت آئے گا کہ اس ملک میں ایک بھی غیر قانونی غیر ملکی نہیں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا ناممکن ہے کہ کوئی ڈالر یہاں سے اسمگلنگ کرکے لے کر جائے، افغان مہاجرین فی خاندان واپسی پر 50 ہزار روپے تک کی افغان کرنسی لے جاسکیں گے۔

ایران سے آئے غیر قانونی بلوچوں کو نکال رہے ہیں، بہاریوں کامعاملہ بھی دیکھیں گے، سرفرازبگٹی



نگران وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ صرف افغان شہریوں کو نکالنے کا تاثر غلط ہے ،حکومت نے تمام غیرقانونی افراد کو ملک سے نکالنے کافیصلہ کیا ہے ۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طور پر مقیم بہاریوں کے معاملے کو بھی دیکھیں گے۔

دوران اجلاس نگران وزیر داخلہ کا آغا رفیع اللہ سے مکالمہ بھی ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ آپ کل وزرت داخلہ آجائیں اس پر بریفنگ دیتے ہیں، کل آپ کو بتائیں گے کہ حکومت کیا کر سکتی ہے اور قانون کیا اجازت دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے غیر قانونی طور پر پاکستان میں موجود افراد کو نکالنے کی بات کی تھی لیکن پیغام شائد یہ چلا گیا ہے کہ ہم صرف افغانیوں کو نکال رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایران سے بھی غیر قانونی طور پر بلوچ پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں، حکومت غیر قانونی بلوچوں کو بھی نکال رہی ہے اس سے یہ تاثر جاتاہے کہ یہ لسانی معاملہ ہے حالانکہ یہ لسانی  نہیں بلکہ غیرقانونی آمدورفت روکنے کامعاملہ ہے۔

 کسی بھی ملک میں یہ نہیں ہوتا کہ کوئی غیر قانونی طور پر آکر بیٹھ جائے، البتہ اگر کسی کے پاس رفیوجی  کارڈ ہے یا ویزا ہے تو وہ ہمارا مہمان ہے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیرقانونی افراد کو ملک سے جانے کے لیے دی گئی یکم نومبر کی تاریخ میں توسیع کی تجویززیرغور نہیں اگر ایسا کوئی مشورہ آیا تو تمام اسٹیک ہولڈرز اس پر گفتگو کریں گے۔

۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ یکم نومبر سے جو بھی اس ملک میں آئے گا تو پاسپورٹ لے کر آئے گا

حالیہ اسرائیلی فضائی حملہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے،نگران وزیر داخلہ



نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے غزہ میں ہسپتال پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی ہے ،اپنے بیان میں انہوں نے 500 سے زائد شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا ہسپتال میں زخمیوں، مریضوں اور پناہ گزینوں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے۔

ہسپتالوں اور طبی عملے کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے،سویلین آبادی اور املاک کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔

پوری پاکستانی قوم کے دل مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، بین الاقوامی برادری غزہ پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

حالیہ اسرائیلی فضائی حملہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے،غزہ میں خوراک اور ادویات کی فراہمی کی فوری اجازت دی جائے۔

جنوری سے 24 خودکش حملے ، 14 افغانیوں نے کئے ، سرفراز بگٹی



نگران  وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جنوری سے اب تک 24 خود کش حملے ہوئے جن میں سے 14 افغانیوں نے کئے۔

 میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزی داخلہ نے کہا کہ  ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود اور تحفظ ہمارے لئے سب سے مقدم ہے، ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو یکم نومبر تک اپنے ملکوں میں چلے جانے کا کہا ہے۔  قانون نافذ کرنے والے ادارے رضا کارانہ طور پر واپس نہ جانے والوں کو ڈی پورٹ کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی املاک اور کاروبار کی نشاندہی کی جائے گی، ہم ایک ہیلپ لائن نمبر بنا رہے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی اطلاع دینے والے کا نام کسی سے شیئر نہیں کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ میں اس سلسلے میں ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں  کے ڈی این اے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

، وزیر داخلہ نے کہا کہ  افغانستان سے پاکستان پر حملے ہوتے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جہاں بغیر پاسپورٹ، ویزے کے لوگ آجاتے ہیں۔ بارہ ربیع الاول کو ہنگومیں حملہ کرنے والے دہشتگرد افغانی تھے، افغان شہریوں کے حملوں میں ملوث ہونے کے تمام شواہد موجود ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی کو بندوق کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسلام کا نام لیکر ریاست پر حملہ آور گروہوں کو سختی سے کچلا جائے گا۔

بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، وزیر داخلہ کی وضاحت



اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری پر بیان کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا۔

، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں، پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ انہیں خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینہ سے دیکھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔