Tag Archives: سعودی ولی عہد

غزہ کی صورتحال پر سعودی ولی عہد کا جاپانی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ



سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنمائوں نے غزہ میں فوجی کشیدگی میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو ایک گھنائونا جرم اور وحشیانہ حملہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے وہاں کے شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے فوجی کارروائیوں کو روکنے، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، امن و استحکام پر اس کے خطرناک اثرات سے بچنے کےلیے کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

غزہ کا محاصرہ اور نہتے شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں، سعودی ولی عہد



سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ کامحاصرہ ختم کرنے پر زور دیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کے دوران کہی۔
ولی عہد نے کہا ہے کہ ’غزہ میں عالمی انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے خطے کی سلامتی اور امن کو قائم رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں‘۔
’دائمی امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں‘۔
ولی عہد نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے اور علاقے کے بنیادی ڈھانچے کے علاوہ شہریوں کو ان کی بنیادی ضرورتوں سے محروم کرنے کو سختی سے مسترد کیا ہے۔

اسرائیل فلسطین کشیدگی: سعودی ولی عہد سے ترکیہ اور ایران کے صدور کا ٹیلفونک رابطہ



ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطہ کیا ہے۔

رجب طیب اردوان اور ابراہیم رئیسی کی محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو میں فلسطین کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کے بعد ایرانی صدر اور سعودی ولی عہد کا یہ پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور سعودی ولی عہد کے درمیان گفتگو میں بھی خطے کی کشیدہ صورت حال پر بات چیت کی گئی ہے۔

سعودی ولی عہد نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی کو روکنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

جائز حقوق اور دیرپا امن کیلئے فلسطینیوں کیساتھ ہیں ، سعودی ولی عہد کا فلسطینی صدر سے رابطہ



سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب جائز حقوق اور دیرپا امن کے حصول کیلئے فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد نے فلسطینی صدر محمود عباس سے رابطہ کیا۔  انہوں نے بتایا کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازع مزید بڑھنے سے روکنے پر کام کر رہے ہیں۔

محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جائز امن کے حصول کیلئے فلسطینیوں کے ساتھ ہے، ہمیں فلسطینیوں کی زندگی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر عبدالفتح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بھی ٹیلیفون پر بات کرکے اسرائیل فلسطین کشیدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے  بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب غیر مسلح فلسطینیوں کو کسی بھی طرح سے نشانہ بنانے کو مسترد کرتا ہے۔

سعودی عرب کے پاس فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کے تمام وسائل موجود: او آئی سی



ریاض (این این آئی) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 2034 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کی مملکت کی خواہش کے اعلان کے بعد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے اس کی مکمل تائید کا اظہار کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے شہزادہ محمد بن سلمان کے بیان کے مندرجات کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کے پاس عالمی کپ کا ایک ممتاز اور بے مثال ورژن پیش کرنے کے لیے تمام انسانی، لاجسٹک اور بنیادی ڈھانچے کی صلاحیتیں موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب محبت، امن اور ہم آہنگی کی سرزمین کے سوا کچھ نہیں ہے اور وہ دنیا کے پہلے مقبول کھیل فٹ بال کی نمائندگی کرنے والے ایونٹ کو دنیا کے لوگوں تک محبت اور امن کے پیغامات پھیلانے کے لیے پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ یکجہتی کے فریم ورک کے اندر 2034 کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی امیدواری کی حمایت کریں اور مشترکہ اسلامی اقدام کو مضبوط بنائیں۔