Tag Archives: سیاحت

رواں سال ایک کروڑ11لاکھ20ہزارسیاحوں نے خیبرپختونخواکی سیرکی



پشاور: خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر گزشتہ سال کی مقابلے میں رواں سال سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے رواں سیزن کے دوران ملک کے دیگر شہروں سے خیبرپختونخوا آنے والے سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے اعداد وشمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق جنوری سے ستمبر تک ایک کروڑ 11 لاکھ 20 ہزار 535 سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے تفریحی علاقوں کا رْخ کیا جن میں سے بڑی تعداد نے کاغان اور ناران کے پرفضا اور فطری خوبصورتی سے مالامال مقامات کا رْخ کیا جن کی تعداد 35 لاکھ 31 ہزار 976 رہی۔
سیاحت کے تناظر میں دوسرے نمبر پر گلیات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا جہاں 34 لاکھ 71 ہزار 788 سیاح سیر سپاٹے کیلئے آئے۔ رواں برس کے ابتدائی نو ماہ کے دوران 26 لاکھ 94 ہزار 936 سیاحوں نے مالم جبہ کی سیاحت کی۔ اسی طرح 9 لاکھ 57 ہزار 743 سیاح اپَر دیر جبکہ 4 لاکھ 64 ہزار 383 سیاحوں نے ضلع چترال کی سیاحت کی۔

خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق رواں سال 3 ہزار 369 غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان کا رْخ کیا جن کی ایک بڑی تعدادچترال گئی اور مجموعی طور پ رایک ہزار 265 سیاحوں نے چترال کا رْخ کیا جبکہ اپر چترال میں 641 ، ناران 587 ، مالم جبہ 386 اور اپر دیر میں 282 غیرملکی سیاح گئے۔
محکمہ سیاحت کے حکام کے مطابق سیاحت کے فروغ کے لئے صوبے میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جن میں نئے مقامات کا متعارف کرانا بھی شامل ہے۔ محکمہ سیاحت کے مطابق اپنے تو سیر کرنے آتے ہی تھے اب تو غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو ایک اچھا شگون ہے۔