جنوبی افریقہ میں ایک ایسا درخت پایا جاتا ہے جس کو اگر کاٹا جائے تو اس سے خون کی طرح کا سیال بہنا شروع ہوجاتا ہے۔
اس درخت کی لکڑی کو اعلیٰ معیار کا فرنیچر اور موسیقی کے آلات بنانے کے لیے استعمال میں لایا جاتا ہے، افریقہ کے خط استوا میں رہنے والے لوگ اس درخت سے واقف ہیں۔
حیاتیاتی زبان میں اس درخت کو Pterocarpus angolensis کہا جاتا ہے، یہ درخت جو کاٹنے پر اپنا’خون‘ بہاتا ہے اسے مقامی طور پر’بلڈ ووڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
بلڈووڈ کی سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ اس درخت کو آگ متاثر نہیں کرتی۔
یہ قدرتی طور پر دیمک کے خلاف مزاحمت کرتا ہے اور اس کی لکڑی میں خوشگوار خوشبو ہوتی ہے، افریقی ساگون کے اس درخت میں کئی منفرد قسم کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
ماہرین حیاتیات کہتے ہیں کہ بلڈ ووڈ کا ”خون کے رنگ کا سیال“ درخت کو اس کے ذائقے اور ہاضمے کی خرابی کی وجہ سے جانوروں کے لیے ناگوار بنا دیتا ہے۔ تو یہ اس کا قدرتی دفاعی نظام ہے جو اسے دیمک جیسے جانوروں اور کیڑوں کی خوراک بننے سے محفوظ رکھتا ہے۔