Tag Archives: سی پیک

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے



نگران وزیرِ اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر اسلام آباد سے بیجنگ پہنچ گئے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے دورہ چین کے دوران 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کریں گے۔

بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ اعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت گزشتہ 10 برسوں میں ہونے والی ترقیاتی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اہداف اور اس کلیدی منصوبے پر پاکستان کے بھرپور تعاون کا اعادہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم بی آر ایف کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ 18 اکتوبر کو اوپن عالمی معیشت میں رابطے کے موضوع پر منعقدہ اعلی سطحی فورم سے خطاب کریں گے۔

وزیرِ اعظم کی چین میں چینی صدر شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلیٰ چینی قیادت اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی۔ نگران وزیرِ اعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چین میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

سنکیانگ اور پاکستان کے عوام کے مابین تعلقات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیرِ اعظم اورمچی کا دورہ کریں گے جہاں وزیرِ اعظم وہاں کے مقامی عمائدین و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان سی پیک سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکا، برآمدات میں اضافہ نہ ہونا ہماری ناکامی ہے: وزیر نجکاری



نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکا۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ نہ ہونا ہماری سب سے بڑی ناکامی ہے، برآمدات جہاں بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے ضروری ہیں وہیں غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی مدد حاصل ہوتی ہے۔

وزیر نجکاری نے کہا کہ 2018 کے بعد تو سی پیک منصوبے پر کوئی کام ہی نہیں ہوا مگر 2013 سے 2018 کے دوران بھی ہم کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں 2013 میں یہ معلوم تھا کہ چند برسوں میں ہمیں رواں جاری کھاتوں میں نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور پھر 2018 میں ایسا ہی ہوا جس کی وجہ سے ملک کو ایک بار پھر آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت جو منصوبے زیر تکمیل نظر آ رہے ہیں یہ سب 2013 سے اسی طرح ہیں۔ چین نے مختلف ممالک کے ساتھ 3 ہزار سے زیادہ منصوبوں کے معاہدے کیے ہیں جن پر 800 ارب ڈالر سے زیادہ کی لاگت آئے گی جبکہ پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری صرف 25 ارب ڈالر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستانی معیشت کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ہم خود اس کے ذمہ دار ہیں۔

سی پیک میں بڑا بریک تھرو



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان اور چین کے مابین بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ریلویز کے ایم ایل ون منصوبے سمیت 15سے زائد منصوبوں کے ایم او یو پر دستخط ہونگے،17، 18اکتوبرکوچین میں بی آرآئی فورم کے موقع پردونوں ملکوں کے درمیان ایم اویوزپردستخط ہونگے۔

موقر قومی اخبار کی خبر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے 17اور 18اکتوبرکو چین کے دارالحکومت میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ اینشٹو فورم کا انعقاد ہوگا جس میں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ خصوصی دعوت پر شرکت کر ینگے۔

فورم کے موقع پر پاکستان اور چین سی پیک کےد وسرے مرحلے میں بڑا بریک تھرو کرینگے11انفراسٹرکچر ، توانائی اور دیگر منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کیے جائینگے۔

مختلف وزارتوں اور چینی سفارتخانے نے ان منصوبوں کے ورکنگ پیپر پر کام مکمل کر لیا ہے، علاوہ ازیں چین کے صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ملاقات کرینگے اور سی پیک کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق بھی اعلان کئے جائینگے۔

سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا سب سے اولین اور اہم منصوبہ ہے جو چین اور پاکستان کے مابین 10سال قبل شروع ہوا منصوبے میں چین اب تک 30ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر چکا ہے۔

سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ایم ایل ون اور تھاکو ٹ، صنعت ، توانائی کے منصوبوں سمیت دیگر منصوبوں کو زیر غور لایاجائیگا اور معاہدوں پر دستخط ہونگے ۔

ایم ایل ون منصوبے کے تحت پاکستان کی 1733کلومیٹر ریلویز لائن کو کراچی سے پشاور تک اپ گریڈ کیا جائیگااور ٹرین کی رفتار کو 160کلومیٹر فی گھنٹہ لانے کیلئے نیا ٹریک بھی بچھایا جائیگا ۔

ریلویز کے متعدد پلوں کی تعمیر نو ہوگی حویلیاں کے قریب ڈرائی پورٹ تعمیر کیا جائیگا ۔