Tag Archives: شیخ رشید

مجھے گرفتار پولیس نے کیا اور بدنام دوسرے لوگوں کو کیا گیا،شیخ رشید



لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

میدیا رپورٹس کے مطا بق جسٹس صداقت علی خان کی عدالت میں پیش ہو کر شیخ رشید نے بیان دیا کہ سی پی او اور یہ سب میرے ملزم ہیں، میں فی سبیل اللّٰہ انہیں معاف کرتا ہوں۔

شیخ رشید احمد کے عدالت میں دیے گئے بیان کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔

علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شیخ رشید نے کہا کہ میری گرفتاری کے پیچھے سی پی او راولپنڈی کا چہرہ چھپا ہے۔

مجھے گرفتار پولیس نے کیا اور بدنام دوسرے لوگوں کو کیا گیا، ہمارے گھر کے ملازم، خواتین اور بچوں تک کو نہیں چھوڑا گیا۔

شیخ رشید سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل



عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سینئر سیاستدان شیخ رشید احمد کو سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پیر کی رات  شیخ رشید کو سینے میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( آر آئی سی ) کے ایمرجنسی وارڈ میں طبی معائنہ  کےلئے لایا گیا، ڈاکٹرز نے ابتدائی معائنہ کے بعد شیخ رشید احمد کو ہسپتال میں داخل کردیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کوانڈر آبزرویشن رکھا گیا اور مختلف ٹیسٹ لئے گئے۔

شیخ رشید ٹریک سوٹ میں ناشتہ کیلئے مقامی ہوٹل پہنچ گئے



عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد چلہ کشی کے بعد اپنی سابقہ معمولات زندگی کے مطابق سامنے آگئے ۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد ٹریک سوٹ میں چند ساتھیوں کے ہمراہ ناشتہ کیلئے مقامی ہوٹل پہنچ گئے ۔۔

شیخ رشید احمد نے چاندنی چوک میں نہاری اور حلوہ پوری کیساتھ ناشتہ کیا ۔

موقع پر موجود شہریوں اور ہوٹل ملازمین نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں ۔

9 مئی واقعہ میں ملوث افراد کو معافی دلوانا زندگی کا مشن ہے، شیخ رشید



سابق وفاقی وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری زندگی کا مشن ہے کہ جیلوں میں موجود بیگناہ لوگوں کو رہائی دلوائوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہاکہ میں چلا کاٹ کر واپس آیا ہوں مگر مجھے اس دوران کسی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

شیخ رشید نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے چلے کے دوران انہیں دعائوں میں یاد رکھا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جن لوگوں سے 9 مئی کی غلطی سرزد ہوئی اور اس کے بعد گرفتار یا روپوش ہیں انہیں معافی دلوانا میری زندگی کا مشن ہے۔

انہوں نے اپیل کی کہ 9 مئی واقعہ کے ذمہ داران کی عام معافی کے مشن میں عوام میرا ساتھ دیں۔ کل سے اس مشن کا آغاز ہو جائے گا۔

چلے پر تھا،شیخ رشید منظرعام پر آ گئے، عمران خان کی غلطیاں بتا دیں ،عام معافی کی اپیل، خطبہ جمعہ میں سانحہ9 مئی کی مذمت کامشورہ



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد روپوشی کے بعد منظرعام پر آگئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے انتہائی قریب رہنے والے سینئر سیاستدان شیخ رشید احمدکو تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل راولپنڈی کی ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے گرفتارکرنے کی اطلاعات آئی تھیں جس کے بعد شیخ رشید احمد لاپتہ تھے۔
شیخ رشید نجی ٹی وی سما نیوز کوایک انٹرویو دیا جو جمعہ کے روز نشر کیاگیا، بتایا جارہاہے یہ انٹرویو پہلے ہی ریکارڈ کرلیاگیاتھا۔
اینکرپرسن منیب فاروق کے ساتھ اپنے انٹرویو میں شیخ رشید کا کہناتھا کہ ’میں چلے پرتھا، چلے کے دوران بہت کچھ سوچنے کاموقع ملا انٹرویو اس لیے دینا چاہتا تھا کیونکہ اب یہ ایک رسم بن چکی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اللہ نے زندگی میں پہلی بار چالیس دن لگانے کا موقع دیا اور چلے کے دوران مجھے کسی نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا بلکہ سب نے میرے ساتھ تعاون کیا اور سارے ایام خوش اسلوبی سے گزر گئے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے اور میں پہلے دن سے اپنی افواج کے ساتھ ہوں، مجھے خود کو پاک فوج کا ترجمان کہنے پر فخر ہے ،انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہمیشہ مشورہ دیا کہ فوج کے ساتھ بنا کر رکھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے تین آدمی فوج سے مذاکرات کررہے تھے پھر تینوں نے اپنی سیاسی جماعتیں بنالیں۔ میری کوشش تھی کہ اس کار خیر یعنی مذاکرات میں میں اپنا حصہ بھی شامل کرلوں مگرعمران خان ضدی سیاست دان ہے، جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہماری غلطی تھی‘۔انہوں نے کہا کہ فوج کی تقرریوں میں خود کو ملوث کرنا پی ٹی آئی کی غلطی تھی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ’ایم کیو ایم نے جب مجھ سے بات کی تو اندازہ ہوگیا تھا کہ اب ہمارا (پی ٹی آئی حکومت) کا کام ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ  کسی بھی سیاست دان کو فوج کا نام نہیں لینا چاہیے اور سیاستدانوں کو اداروں کے ساتھ ملکر چلنا چاہیے کیونکہ ملک اداروں کے ساتھ نہیں چل سکتا۔
شیخ رشید نے کہا کہ تہجد پڑھ کر جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی دعاکرتارہا تاکہ سانحہ 9 مئی کے بعد گرفتار عام اور غیرسیاسی لوگوں کو معاف کرنے کی درخواست کرسکوں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں سے لڑائی میں سیاستدان کبھی نہیں جیت سکتے،۔میں فوج کے خلاف نہیں جاسکتا، شیخ رشید نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کی ہر جمعہ کے خطبہ میں مذمت کرنی چاہئے، زلفی بخاری، شیریں مزاری، شہباز گل جیسے لوگوں نے جو بیانیہ بنایااس کے نتیجے میں سانحہ 9 مئی ہوا۔ شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف سے اپیل کرتا ہوں عام لوگوں اورغیر سیاسی لوگوں کوایک بار معافی دے دیں۔

شیخ رشیدکابھتیجاگھر پہنچ گیا ،راشد شفیق کی تصدیق



راولپنڈی (این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے ساتھ گرفتار ہونے والا ان کا بھتیجا شیخ شاکر گھر پہنچ گیا۔ شیخ راشد شفیق نے شیخ شاکر کے گھر واپس پہنچنے کی تصدیق کردی، شیخ رشید کے ملازم اور ڈرائیور کو پہلے ہی رہا کر دیا گیا تھا۔

شیخ رشید کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس کو ایک ہفتے کی مہلت



لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس صداقت علی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے آر پی او سے استفسار کیا کہ شیخ رشید اور ان کے ساتھ پکڑے گئے دیگر 2 لوگ کہاں ہیں؟۔ لکھ کر ہمیں دیں گے یا شیخ رشید کو پیش کیا جائے گا؟۔

عدالت کے استفسار پر آر پی او نے مزید 15 روز کا وقت مانگ لیا۔

آر پی او کی مہلت کی استدعا پر عدالت نے کہا کہ 15 دن تو بہت زیادہ ہیں کیوں کہ یہ عام معاملہ نہیں، اس میں تو 2 دن کی مہلت بھی بہت زیادہ ہو گی۔

جسٹس صداقت علی نے شیخ رشید کو پیش کرنے کے لیے 7 روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کو ایک ہفتے کے اندر پیش کیا جائے ورنہ ایف آئی آر کا حکم دیں گے۔