Tag Archives: صداقت عباسی

صداقت عباسی کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی گئی



اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق ایم این اے صداقت عباسی کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی۔

دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال، وزارتِ داخلہ اور پولیس کے حکام جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے بابر اعوان سے سوال کیا کہ جی ڈاکٹر صاحب بندہ واپس آ گیا ہے؟

بابر اعوان نے جواب میں کہا کہ اس مردِ حریت کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں جس نے بندہ بازیاب کروا دیا۔

بابر اعوان کے اس جواب پر چیف جسٹس عامر فاروق نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک لائن میں پوری بات کر دی پھر تو کیسں نمٹا دیتے ہیں۔

عثمان ڈار کے بعد صداقت عباسی کا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کااعلان



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)قومی اسمبلی کے سابق رکن صداقت عباسی نے بھی تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کااعلان کردیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے صداقت عباسی نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پانچ روز قبل یعنی چار مئی کو جی ایچ کیو کے قریب ریلی نکالنے کا فیصلہ ہوا تھا جبکہ 7 مئی کو فیصلہ ہوا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں آئی ایس آئی آفس اور جی ایچ کیو پر دھاوا بولنا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات چیئرمین پی ٹی آئی کی ذہن سازی کا نتیجہ تھا۔ عمران خان نے واضح کیا تھا کہ ہماری لڑائی اسٹیبشلمنٹ سے ہے، چھ مئی کی ریلی نکالنے کا مقصد بھی اسٹیبشلمنٹ کو پیغام دینا تھا۔
صداقت عباسی نے کہا کہ ’نو مئی کے بعد میں ایک ماہ تک دوست کے گھر میں روپوش رہا اور پھر اہل خانہ کے ساتھ خاموشی سے گلگت چلا گیا تھا‘۔
خبررساں ادارے این این آئی کے مطابق صداقت عباسی کاانٹرویو میں کہناتھا کہ 7 مئی کوزوم میٹنگ بشریٰ بی بی کی تجویز پربلائی گئی تھی۔
صداقت عباسی نے اسی پروگرام میں عثمان ڈار کی طرح سیاست اور تحریک انصاف کو خیر باد بھی کہا اور کہا کہ وہ ملکی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسی طرح سے پی ٹی آئی کے روپوش رہنما عثمان ڈار بھی اچانک ٹی وی پر آئے اور ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے نو مئی کے واقعات کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا اور مختلف دعوے بھی کیے تھے جبکہ پروگرام کے دوران ہی انہوں نے تحریک انصاف چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی چار ماہ بعد گھر واپس پہنچ گئے



اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کئی ماہ لاپتہ رہنے کے بعد گھر واپس پہنچ گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کئی ماہ لاپتہ رہنے کے بعد گھر واپس پہنچ گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سانحہ نو مئی کے بعد سے روپوش تھے ۔

صداقت عباسی نے گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی اور پھر وہ اپنے وکیل کے ہمراہ روانہ ہوگئے تھے۔

فیملی ذرائع کے مطابق صداقت عباسی گھر پہنچے تو والدہ اور بیٹیوں کے گلے لگ کر روتے رہے۔

ان کی گھر واپسی پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، جبکہ والدہ اور بیٹیاں گلے لگ کر روتی رہیں۔