Tag Archives: صنم جاوید

صنم جاوید نے آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی



پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید نے آئی جی پنجاب عثمان انور اور دیگر کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

 شکیل پاشا ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران نے مقدمات کی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کروائی، پولیس نے بتایا کہ صنم جاوید پر صرف 2 مقدمات درج ہیں، عدالت میں غلط بیانی کی گئی اور صنم جاوید کو مزید دو مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ پولیس کی جانب سے عدالت کے سامنے غلط بیانی کی گئی لہٰذا پولیس افسران کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کی 4 خواتین رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار



لاہور ( این این آئی) لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید سمیت 4 خواتین کو جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی کے واقعات میں درج دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کے وکلا کو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

پولیس کے مطابق صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کی چاروں خواتین رہنمائوں کو جناح ہائوس پرحملے کے دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔صنم جاوید کے ساتھ دوبارہ گرفتا ر ہونے والوں میں افشاں طارق، آشمہ شجاع اور شاہ نور شامل ہیں، چاروں خواتین کو جناح ہائوس حملہ کیس میں ضمانت پر کوٹ لکھپت جیل سے رہائی ملی تھی۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی 9مئی کے واقعات پر دو مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی ۔

ملزمان پر گلبرگ میں پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کا الزام ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید نے جیل سے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی جانب سے رانا مدثر ایڈووکیٹ پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کے وکلا کو آئندہ سماعت پر دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔