لاہور( این این آئی) نامور موسیقار طلال قریشی نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر جلوہ گر ہوگئے، ان کے نئے البم ٹربو کو اسپاٹی فائی کی جانب سے لانچ کیا جارہا ہے۔
عالمی میوزک اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائی طلال قریشی کے نئے البم ٹربو کو لانچ کرنے جارہی ہے جس کے بعد طلال پاکستان کے پہلے فنکار ہوں گے جنہیںیہ اعزاز حاصل ہوگا۔
کلاسیقی پاکستانی موسیقی اور جدید الیکٹرانک طرز کے امتزاج کے لیے مشہور طلال قریشی نے اسپاٹی فائی کا تعاون حاصل کرنے کا شاندار کارنامہ انجام دیا ہے جس کی وجہ سے ان کی آواز دنیا بھر کے سامعین تک پہنچی ہے۔
میوزک پروڈیوسر کی نئی البم 6 اکتوبر کو ریلیز ہوئی ہے اور اس کیلئے اسپاٹی فائی ایک ہفتے تک تشہیری مہم چلائے گی۔
ٹربو میں طلال قریشی نے مشرق اور مغرب کی موسیقی کو جدید آلات کے ساتھ پیش کیا ہے جبکہ اس میں ثقافتی دوریوں کو بھی کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
نئے البم کو بنانے کے لیے میوزک پروڈیوسر کے ساتھ مختلف فنکاروں زا علی، ظہور، بلال بلوچ، نتاشہ نورانی اور مانو نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔