Tag Archives: غزہ صورتحال

غزہ کی صورتحال پر سعودی ولی عہد کا جاپانی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ



سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنمائوں نے غزہ میں فوجی کشیدگی میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو ایک گھنائونا جرم اور وحشیانہ حملہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے وہاں کے شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے فوجی کارروائیوں کو روکنے، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، امن و استحکام پر اس کے خطرناک اثرات سے بچنے کےلیے کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

غزہ کی صورتحال پر تشویش، فوری جنگ بندی کی جائے: نگران وزیراعظم



نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر گہری تشویش ہے، ہم فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری ٹوئٹ کے مطابق نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو جان بوجھ کر بلا امتیاز اور غیر متناسب نشانہ بنانا تہذیب کے تمام اصولوں کے خلاف اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کے خاتمے کو فلسطینی سرزمین پر برسوں کے جبری اور غیر قانونی قبضے اور اس کے عوام کے خلاف جابرانہ پالیسیوں کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک فوری طور پر درکار امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے محفوظ اور غیر محدود انسانی راہداری کھولنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گےاور غزہ کے لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔