Tag Archives: غیرملکی

پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کا حکم



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں غیرقانونی طورپرمقیم تمام غیرملکیوں کوملک بدرکرنے کافیصلہ کرلیا گیا۔

اسلام آباد میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں انتہائی اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن میں غیر قانونی طورپرمقیم تمام غیرملکیوں کی ملک بدری کافیصلہ بھی شامل ہے ۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر بھی شریک تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی کی جان ومال دنیاکے کسی بھی دوسرے مفاد سے مقدم ہے ۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیرقانونی طورپر پاکستان میں موجود غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کے لئے یکم نومبر2023 کی حتمی ڈیڈ لائن دی گئی ہے  ، ڈیڈ لائن ختم ہونے پرایسے تمام افراد کو ملک بدر کرکے ان کی جائیدادیں قرق اورکاروباربند کردیئے جائیں گے جن کے پاس سکونت کا اجازت نامہ نہیں ہوگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں غیرملکی پاسپورٹ کے بغیر بھی آجاتے ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ جس نے پاکستان آنا ہے وہ پاسپورٹ لے کرآئے ، افغان مہاجرین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صرف ایسے افغان مہاجرین جن کے پاس سکونت کا اجازت نامہ ہے انہیں رہنے کی اجازت ہوگی باقی تمام غیرملکیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ یکم نومبر سے پہلے ملک چھوڑدیں ۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ 10 اکتوبر 2023 سے پاک افغان سرحد سے نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہو گی،یکم نومبر 2023 سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی۔

سرفرازبگٹی کاکہناتھا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ یکم نومبر 2023 کے بعد پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کو رہائش فراہم کرنے یا سہولیات فراہم کرنے والے کسی بھی پاکستانی شہری یا کمپنی کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

وزارت داخلہ کی زیر نگرانی ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلیجنس کے اراکین شامل ہوں گے، اس ٹاسک فورس کا مقصد جعلی شناختی کارڈ کے حامل لوگوں اور ان کی جعلی کاغذات پر بنی غیر قانونی جائیدادوں کو ضبط کرنا ہو گا۔ نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام جعلی شناختی کارڈز کی منسوخی کوفوری طور پر یقینی بنائے اوراگر کسی کی شناخت میں شک ہو تو اس کی تصدیق کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے۔

اجلاس میں کہاگیاکہ ویب پورٹل اور یو اے این ہیلپ لائن پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی افرادکی غیر قانونی رہائش یا کاروبار کرنے والے کے بارے میں معلومات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں جو بھی شہری حکومت سے تعاون کرے گا اس کو انعام دیا جائے گا اور اس کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

سرفرازبگٹی کاکہناتھا کہ  ذخیرہ اندوزی، سامان یا کرنسی کی اسمگلنگ ، حوالہ/ ہنڈی اور بجلی چوری کے خلاف سخت ایکشن پہلے سے ہی لیا جا رہا ہے، منشیات کے کاروباراورجرائم میں ملوث افرد کے خلاف کسی بھی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی۔ کسی بھی سیاسی مسلح گروہ، جتھے یا تنظیم کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

 

 

6 ہزارغیرملکی اسلام آباد چھوڑگئے



اسلام آبادمیں غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کے خلاف کریک ڈائون کے نتائج سامنے آناشروع ہوگئے۔
نگران حکومت نے پاکستان میں غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کوواپسی کے لئے 3 اکتوبر تک کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے۔ ڈیڈ لائن کے بعد ایسے تمام غیرملکیوں کوگرفتارکیاجائے گا جن کے ویزے کی مدت ختم ہوچکی ہے۔
اسلام آبادپولیس غیرقانونی طورپرمقیم افغان شہریوں کے خلاف بھی بڑے پیمانے پرکارروائیاں کررہی ہے۔
خبررساں ادارے این این آئی کے مطابق اسلام آبادسے 398 غیرملکیوں کوگرفتارکیاگیا اوران کے خلاف مختلف تھانوں میں 43 مقدمات بھی درج کرائے جاچکے ہیں۔ ان غیرملکیوں میں اکثریت افغان باشندوں کی ہے ۔
اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی غیرقانونی افغان باشندوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یواین ایچ سی آر کے مطابق پاکستان میں موجودافغان مہاجرین کی تعداد37 لاکھ سے زیادہ ہے جن میں سے 10 لاکھ سے زیادہ مہاجرین ایسے ہیں جن کے پاس شناختی دستاویزات نہیں۔