Tag Archives: غیر قانونی اثاثے

غیر قانونی اثاثہ جات کیس ، اسحق ڈار کیخلاف فیصلہ محفوظ ، 21 اکتوبر کو سنایا جائیگا



احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو 21 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔

 اسحق ڈار و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر جج محمد بشیر نے سماعت کی ، اسحق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے موقف اپنایا کہ اسحاق ڈار کے ریفرنس پر احتساب عدالت فیصلہ پہلے ہی کر چکی ہے۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ کیا نیا قانون اس پر نافذ ہوتاہے؟ وکیل قاضی مصباح نے کہا کہ ریفرنس بند کرنے کی بجائے اسحق ڈار کو بری کیا گیا تھا، پراسیکیوشن اسحاق ڈار کیخلاف ثبوت پیش کرنے پر ناکام رہی، یکشن 9 اے فائیو کو بھی ختم کردیا گیا، کیس سے تعلق ہی نہیں رہا۔

وکیل صفائی نے کہا کہ 2002 سے 2008 تک اسحاق ڈار نے عرب امارات میں کام کیا، اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن میں گوشواروں میں سب کچھ ڈیکلیئرکیا، اسحاق ڈار کے کوئی خفیہ اثاثے تفتیشی افسر، جے آئی ٹی کو نہیں ملے۔ ہجویری ٹرسٹ و آرگنائزیشن کا تعلق اسحاق ڈار سے نہیں۔

جج محمد بشیر نے وکیل صفائی سے مکالمہ کیا کہ دوبارہ دیکھ لیں گے، جواب الجواب میں دیکھیں گے۔ جج  نے استفسار کیا کہ کیا نیب پراسیکیوٹر جواب الجواب میں کچھ کہنا چاہیں گے، نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں احتساب عدالت کو ڈائریکشن دی ہے کہ کیسز کو دوبارہ دیکھا جائے، اسحاق ڈار کیخلاف کوئی ثبوت موجود نہیں۔

 نیب پرایسکیوٹر اور اسحق ڈار کے وکیل قاضی مصباح کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو 21 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔