نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جو بھی غیرقانونی تارکین وطن پاکستان سے جانا چاہتا ہے یکم نومبر تک چلا جائے اس کے بعد کسی کے ساتھ کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا۔
اپنے ایک بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی کے حوالے سے ایک نشست ہوئی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، اسی میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ افغان شہریوں کو واپسی کے لیے ایک وقت دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ پاکستان میں مقیم افغان باشندے رضاکارانہ طور پر واپس جانا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن چاہے کسی بھی ملک سے تعلق رکھتے ہوں واپس جانا ہو گا، اس کا صرف افغانستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے پاس ویزا ہے انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا، صرف غیرقانونی افراد کو واپس اپنے ملکوں میں بھیجا جا رہا ہے۔