Tag Archives: غیر ملکی تفصیلات

 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری ، پنجاب حکومت نے  تفصیلات طلب کر لیں ، سندھ میں کمیٹیاں قائم



پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
محکمہ داخلہ کے مراسلے کے مطابق ایپکس کمیٹی میں غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے غیر ملکیوں کی تفصیلات مانگ لیں ۔
مراسلے کے مطابق غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور ان کو سفارتخانوں کےتعاون سے واپس بھیجا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیرملکیوں کو رہائشی، مالی اور روزگار کی شکل میں غیر قانونی مقیم افراد کی معاونت کرنا بھی جرم ہے، فارن ایکٹ کے تحت غیر قانونی  قیام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں حکومت سندھ نے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر عمل درآمد کمیٹیاں قائم کردیں۔ صوبائی تارکین وطن کی واپسی کمیٹی کے کنوینر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل کمیٹی کے کنوینر کمشنرز اور ضلعی کمیٹی کے کنوینر ڈپٹی کمشنرز ہوں گے ، غیر ملکی تارکین کی واپسی عملدرآمد کمیٹی میں پولیس، کورہیڈکوارٹر، آئی بی، نادرا، ایف آئی اے، آئی ایس ۔آئی، ایم آئی اور کمشنر افغان پناہ گزینوں کے نمائندے شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹیاں غیر رجسٹرڈ تارکین وطن افراد کا ڈیٹا جمع کریں گی  اور ان کی ملک بدری اورآمد کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔