Tag Archives: فائرنگ

گھریلو رنجش: کراچی میں بھائی کے ہاتھوں بھائی اور بھابی قتل



کراچی کے علاقے اتحاد ٹائون میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بھائی نے گھریلو رنجش کی بنیاد پر اپنے ہی بھائی اور بھابھی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم نے بتایا ہے کہ اتحاد ٹائون کے علاقے جدہ ہزارہ کالونی میں بڑے بھائی نے فائرنگ کر کے چھوٹے بھائی اور بھابھی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم کی جانب سے فائرنگ کا اعتراف کر لیا گیا ہے مگر ابھی تک اس نے یہ نہیں بتایا کہ اس نے انتہائی اقدام کیوں اٹھایا۔

تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، 6 مزدور جاں بحق



بلوچستان میں تربت کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ایک مکان میں فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 6 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 2 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ مرنے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تربت میں فائرنگ سے جن لوگوں کی اموات ہوئی ہیں ان کا تعلق پنجاب سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ لوگ تعمیراتی کام کے لیے علاقے میں موجود تھے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ہیں اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت رضوان، محمد نعیم، شفیق احمد، وسیم اور شہباز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں میں توحید اور غلام مصطفیٰ شامل ہیں۔

ڈی آئی خان میں پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کا حملہ



صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں کلاچی پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملے کے موقع پر نامعلوم افراد اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔

لبنان، بیروت میں امریکی سفارت خانے پرفائرنگ کرنے والا گرفتار



بیروت (این این آئی)لبنانی سکیورٹی سروس نے گذشتہ ہفتے بیروت کے شمال میں امریکی سفارت خانے کے داخلی دروازے پر فائرنگ کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ انفارمیشن ڈویژن (اندرونی سکیورٹی فورسز)نے امریکی سفارت خانے کی عمارت پر فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فوجی عدالت کے سرکاری کمشنر جج فادی اکیکی نے نوجوان سے اس کے اعمال کے پس منظر اوراس کے ساتھیوں کے بارے میں پوچھ گچھ جس نے کوئی اضافی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔20 ستمبر کی رات بیروت کے شمال میں واقع علاقے عوکر میں امریکی سفارت خانے کے داخلی دروازے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

لبنان کی فوجی عدلیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ گذشتہ ہفتے ایک سکیورٹی ذرائع نے اے ایف پی کو اطلاع دی تھی شوٹر نے سفارت خانے کی طرف 15 گولیاں چلائیں، جن میں سے کئی اس کے آہنی گیٹ سے لگیں۔

امریکی سفارت خانے کے احاطے کے ارد گرد سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ سفارت خانے کے اطراف میں فوج کی بھاری نفری تعینات رہتی ہے۔یہ فائرنگ 1984 میں عوکر میں سفارت خانے کی عمارت کو نشانہ بنانے والے کار بم حملے کی 39 ویں برسی کے موقع پر ہوئی، جس میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

لکی مروت میں ڈاکوؤں کی مسافر بس پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق



لکی مروت (آن لائن) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فلائنگ کوچ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ڈاکوؤں نے قبول خیل کے علاقے کے قریب مسافر گاڑی کو لوٹنے کی کوشش کی اور کوچ کے نہ روکنے پر اس پر فائرنگ کردی۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک زخمی اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

گاڑی میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدور سوار تھے جو مزدوری کے بعد گھروں کو واپس آرہے تھے۔

اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تاہم وہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی چھوڑی گئی دو موٹرسائیکلیں عوام کے ہاتھ لگ گئیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکو گاؤں قبول خیل میں روپوش ہیں، پولیس سرچ آپریشن کرے۔ انہوں نے لاش درہ تنگ سڑک پر رکھ کر احتجاج بھی کیا اور مقامی سرکاری یورینیم فیکٹری ’پاکستان اٹامک انرجی پراجیکٹ قبول خیل‘ جانے والی تمام گاڑیوں کو روک دیا۔