Tag Archives: قائداعظم ٹرافی

کراچی وائٹس نے سرفراز کی کپتانی میں قائد اعظم ٹرافی جیت لی



کراچی ریجن وائٹس نے سرفراز احمد کی قیادت میں قائداعظم ٹرافی جیت لی۔

کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر697 رنز اسکور کیے اور وکٹوں کے پیچھے 1 اسٹمپڈ اور 27 کیچز پکڑے۔ کراچی وائٹس کے صائم ایوب فائنل کے بہترین کرکٹر قرار پائے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری ( 203) اور دوسری اننگز میں سنچری (109) اسکور کی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دیدی۔ کراچی ریجن وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 790 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن فیصل آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے پانچویں اور آخری دن فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیتنے کے لیے مزید 661 رنز درکار تھے۔ کپتان فہیم اشرف اور علی اسفند اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔ علی اسفند 15 اور خرم شہزاد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ایک اننگ میں5 سنچریوں کانیاریکارڈ قائم



لاہور:قائداعظم ٹرافی کے میچ میں کراچی وائٹس نے لاہور کے خلاف ایک اننگ میں پہلی بار پانچ سنچریاں اسکور کرکے نیا ریکارڈ بنا دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی وائٹس کے پانچ کھلاڑیوں خرم منظور، عماد عالم، اسد شفیق، رمیز عزیز اور سرفراز احمد نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔
قائد اعظم ٹرافی میں یہ کارنامہ پہلی بار ہوا جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ بشمول ٹیسٹ میچز، کی تاریخ میں پانچویں بار ایک اننگ میں 5 سنچریاں بنیں۔1945 میں بھارتی کی رانجی ٹرافی میں میسورکے خلاف ہولکرکی اننگز میں 6 سنچریاں بنی تھیں ،1901 میں نیو ساؤتھ ویلیز نے شیفلڈ شیلڈ میں ساؤتھ آسٹریلیا کے خلاف 5 سنچریاں کی تھیں۔اس کے علاوہ 1955 میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز اور 2001 میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ اننگ میں 5، 5 سنچریاں اسکور کی تھیں۔