نواز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر جہاں عدالت کے اندر بد نظمی دیکھی گئی وہاں کمرہ عدالت کے باہر ن لیگی کارکنان آپس میں لڑ پڑے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتاہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان میں شدید لڑائی کے دوران ایک دوسرے پر ڈنڈے برسائے جارہے ہیں۔
لاتوں، گھونسوں اور ڈنڈوں کے استعمال سے دو کارکنان زخمی ہوگئے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔
میاں نواز شریف کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں لائے جانے کے بعد عدالت عالیہ کی عمارت میں کافی بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
سکیورٹی اہلکار کمرہ عدالت کے باہر نظم و ضبط قائم کرنے میں ناکام رہے۔
نواز شریف کی آمد سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کا کمرہ عدالت مچھلی منڈی کا ماحول پیش کر رہا تھا،لاؤڈ سپیکر پر بار بار کمرہ عدالت خالی کرنے سے متعلق اعلانات کے باوجود کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔
آخر کار سکیورٹی اہلکاروں کو ایک ایک نشست پر جا کر بیٹھے افراد کو عدالت سے باہر جانے کا کہنا پڑا تاکہ صرف خصوصی پاسز رکھنے والوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے۔
بالآخر دو بج کر 35 منٹ پر کمرہ عدالت سے تمام افراد کو باہر نکالا گیا
میاں نواز شریف کو تین بج کر 35 منٹ پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے کورٹ روم نمبر ون میں لایا گیا، جبکہ مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف پہلے سے وہاں موجود تھے۔