Tag Archives: مجرمانہ سرگرمی

دہشتگردی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں افغان سموں کے استعمال کا انکشاف: سرحدی علاقوں میں پابندی کی سفارش



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں میں افغان موبائل سموں کے استعمال کے انکشاف پر حساس اداروں نے سرحدی علاقوں میں افغان سموں کے استعمال پر پابندی کی سفارش کر دی۔
دنیا نیوز کےذرائع کے مطابق غیر رجسٹرڈ افغان سمیں پاک افغان سرحدی علاقوں میں دستیاب ہیں، دہشت گرد افغان سمز کو واٹس ایپ سمیت دیگر ایپس چلانے کیلئے استعمال کرتے ہیں، مجرم نگرانی اور شناخت چھپانے کیلئے بھی افغان سمز استعمال کرتے ہیں۔

اس ضمن میں تجاویز دی گئی ہیں کہ سرحدی علاقوں میں مقامی موبائل سروسز کا مضبوط انفراسٹرکچر لگایا جائے، بی ٹی ایس تنصیب سے فون سیٹ زبردستی مقامی نیٹ ورک پر منتقل ہوں گے۔
صارفین کو کھلے وائی فائی تک رسائی سے قبل شناخت دینے کا پابند بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وائی فائی انٹرنیٹ پر مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی ہونے پر افراد کی نگرانی کی جائے۔