لاہور (این این آئی) سابق ٹیسٹ کرکٹر اور فاسٹ بولر محمد آصف نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آج بھی بابر اعظم کو میڈن اوور کروا سکتا ہوں۔
سوشل میڈیا پر دئیے گئے بیان میں محمد آصف نے ورلڈکپ کیلئے منتخب پاکستانی اسکواڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ میں نے بابر اعظم کو صرف 2گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ٹرائلز میں منتخب کیا تھا، آپ ان کے والد ( اعظم صدیقی) سے پوچھ سکتے ہیں کہ میں نے بابر کو زیڈ ٹی بی ایل ٹرائلز میں منتخب کیا تھا۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ بابر ملک کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں لیکن وہ ڈاٹ بولز بہت زیادہ کھیلتے ہیں اور رضوان پر پریشر بڑھاتے ہیں، میں آج بھی ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم کو میڈن اوور کروا سکتا ہوں، اگر آپ بابر کو اچھی گیندیں کروائیں تو وہ ہٹ نہیں کر سکتا۔
پاکستانی بولر پر بات کرتے ہوئے محمد آصف نے کہاکہ آپ سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ٹیم اپ سیٹ کرکے دکھا دے گی، اگر ایک کھلاڑی پر ایک اور انجرڈ ہوگیا! ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس اسکواڈ میں تقریباً سارے بولرز ہی ایوریج ہیں کوئی بھی خاص نہیں ہے، ٹیم میں فیورٹ ازم ضرور چل رہی ہے جو پسند ہے اسے سلیکٹ کیا جا رہا ہے ۔
ٹیم میں خاص بولر شعیب اختر اور محمد آصف ہوا کرتے تھے اب کوئی خاص بولر نہیں ہیں۔سابق بولنگ کوچ محمد زاہد کے اکیڈمی چھوڑجانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کوچ کیلئے کی جانے والی آفر پر محمد آصف نے بتایا کہ مجھے کوچنگ کیلئے 11لاکھ ماہانہ کی آفر ہوئی تھی تاہم میں نے انکار کر دیا تھا کیونکہ میں نے کہا یہ تو میں ایک ہفتے میں کماتا ہوں، آپ مجھے 45 لاکھ روپے ماہانہ دیں تب آؤں گا۔