Tag Archives: محمد بن سلمان

غزہ کی صورتحال پر سعودی ولی عہد کا جاپانی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ



سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنمائوں نے غزہ میں فوجی کشیدگی میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کو ایک گھنائونا جرم اور وحشیانہ حملہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے وہاں کے شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے فوجی کارروائیوں کو روکنے، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، امن و استحکام پر اس کے خطرناک اثرات سے بچنے کےلیے کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جائز حقوق اور دیرپا امن کیلئے فلسطینیوں کیساتھ ہیں ، سعودی ولی عہد کا فلسطینی صدر سے رابطہ



سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب جائز حقوق اور دیرپا امن کے حصول کیلئے فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد نے فلسطینی صدر محمود عباس سے رابطہ کیا۔  انہوں نے بتایا کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازع مزید بڑھنے سے روکنے پر کام کر رہے ہیں۔

محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جائز امن کے حصول کیلئے فلسطینیوں کے ساتھ ہے، ہمیں فلسطینیوں کی زندگی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر عبدالفتح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بھی ٹیلیفون پر بات کرکے اسرائیل فلسطین کشیدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے  بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب غیر مسلح فلسطینیوں کو کسی بھی طرح سے نشانہ بنانے کو مسترد کرتا ہے۔