صوبہ بلوچستان میں 84 دینی مدارس کا انتظام افغان شہریوں کے پاس ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں زیر تعلیم طلبا کی تعداد 8500 ہے، حکومت نے اس حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق چند دن قبل بلوچستان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مدارس کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے حکام نے اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں اس وقت205 مدارس کام کر رہے ہیں اوران تمام مدارس کی جیو ٹریکنگ کی گئی ہے۔
ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ ان مدارس میں سے 121 مدارس میں 8 ہزار طالبعلم زیر تعلیم ہیں جبکہ 84 مدارس کا انتظام افغان شہریوں کے پاس ہے جن میں زیر تعلیم طلبا کی تعداد 8500 ہے۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جن مدارس کا انتظام افغانیوں کے پاس ہے وہ پاکستانیوں کو سونپا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان مدارس کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال اور مہاجر کیمپس کے ساتھ رابطوں کی سکروٹنی بھی کی گئی ہے۔
ایپکس کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ مدارس کے نصاب کو نفرت انگیز مواد سے پاک کیا گیا ہے۔