Tag Archives: مذمت

فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے تیار ہیں،اسرائیل پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی: پاکستان



نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے معاملے پر واضح موقف رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، ہم غزہ کے گھیرائو کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر سعودی عرب سے رابطے میں ہیں، اوآئی سی کے 18 اکتوبر کو جدہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کروں گا۔ غزہ میں انسانی امداد کے لیے ہمارا اقوام متحدہ سے بھی رابطہ ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں انسانی المیہ ایجنڈے پر ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کررہے ہیں، چینی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ اس موقع پر وزیراعظم عالمی رہنمائوں سے بھی ملیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک پر بات چیت چل رہی ہے، سی پیک معاملے پرسیکیورٹی سے متعلق بیرونی وجوہات کی وجہ سے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر درست نہیں۔ افغانستان پر جب بھی کوئی مشکل پڑی انہوں نے پاکستان کی طرف دیکھا۔ افغان حکومت نے زلزلہ زدگان کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ کی پاکستان میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کی مذمت



سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پاکستان میں جمعہ کو ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہوں۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پُرامن مذہبی تقریبات کے دوران لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جو ایک گھناؤنا عمل ہے، ایسے حملے کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

سعودی عرب کی ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت



ریاض (این این آئی)سعودی وزارتِ خارجہ نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری کیے گئے مذمتی بیان میں سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نفرت انگیز اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات واضح طور پر نفرت اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں، ایسے اقدامات انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی بین الاقوامی کوششوں سے متصادم ہیں۔

واضح رہے کہ ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں مسلم مخالف گروپ پیگیڈا کے ایک رکن نے کئی مسلم ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی ہے۔

مسلم مخالف گروپ رکن ایڈون ویگنز ویلڈ نے دی ہیگ میں ترک، پاکستانی اور انڈونیشین سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی یورپی ممالک سوئیڈن، ڈنمارک اور ہالینڈ میں مسلم مخالف گروپ اس قسم کی شرم ناک اور اشتعال انگیز کارروائیاں کر چکے ہیں۔