Tag Archives: مریم نواز

نہیں پتہ تھا مینار پاکستان شیروں کے لئے کم پڑ جائے گا، مریم نواز، جلسے کے سٹیج پر فلسطینی پرچم لہرایا



مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی پر مینار پاکستان جلسے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے اور کتنے چلے گئے۔ دیکھ لو! وہ آج اپنی سکرینز پر دیکھ رہے ہوں گے۔ جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی، وہ دیکھ رہے ہوں گے نواز شریف اپنے لوگوں میں واپس آ گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں پتا تھا مینار پاکستان مسلم لیگ کے شیروں کے لیے کم پڑ جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ’آج تقریر صرف نواز شریف کریں گے۔
مریم نواز کا کہناتھا کہ جو کہتے تھے کہ مسلم لیگ ن میں سے ش نکلے گی وہ دیکھ لیں آج سب سٹیج پر ایک ساتھ ہیں، م اور ش ایک ساتھ ہیں ، انہوں نے اپنے والدنوازشریف اور چچا شہبازشریف کی طرفہ اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بھائیوں کی جوڑی سلامت رکھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نوازشریف کا ایک اور عروج دیکھنے جارہاہے۔
مریم نواز نے جلسے کے سٹیج پر فلسطین کا پرچم لہرایا اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔

آجا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں! مریم نواز کا نواز شریف کو خوش آمدید



پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے قائد اور والد نوازشریف کو پاکستان واپسی پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ’آ جا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں، خوش آمدید نواز شریف!

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنی ایک ٹوئٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ شاید میری زندگی کا آج سب سے بڑا دن ہے، میں اللہ پاک کا شکر ادا کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 24 سال کے دوران نواز شریف نے جتنی تکالیف برداشت کیں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی، کچھ زخم تو ایسے ہیں جو کبھی بھر نہیں پائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ جتنے عروج نوازشریف نے دیکھے وہ بھی شاید ہی کسی کے حصے میں آئے ہوں، آج نوازشریف کا ایک اور عروج پورا پاکستان دیکھنے جا رہا ہے۔

صرف نواز شریف ہی عوامی خدمت کے اہل ، باقی سارے نکمے نکلے : مریم نواز کا دعویٰ



مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کےصرف نواز شریف ہی اہل قرار پائے باقی سب نااہل ثابت ہوئے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 134 کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں نے ملاقات کی، ملاقات میں 21 اکتوبر کی تیاریوں پر مشاورت اور قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف آرہا ہے، مہنگائی سے نجات، پاکستان کی معاشی بحالی کا حل ساتھ لا رہا ہے، مہنگائی کو ایک ہی شخص نے ختم کیا وہ ہے نوازشریف، ن لیگ کی حکومت تھی تو عوام کو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، قائد مسلم لیگ ن کو ہٹایا گیا تو سستا آٹا، گھی، چینی سب عوام کی پہنچ سے نکل گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں نوازشریف وزیراعظم ہو گا تو ملک اور ان کا گھر چلے گا، پاکستان کو امیر بنانا، عوام کی مہنگائی سے جان چھڑانا نواز شریف کا ایجنڈا ہے، سیاسی استحکام کے لئے عوام قائد مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں۔

نواز شریف کے بغیر ملک رل گیا ، ہم گالی دینے کے بجائے لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے ، مریم نواز



مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بغیر ملک رل گیا، ہم لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے۔

 لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہی، آج 8 اکتوبر ہے یا 21 اکتوبر، آج ایک حلقے کا یہ عالم ہے تو 21 اکتوبر کو کیا عالم ہو  گا، 21 اکتوبر کو پاکستان کا لیڈر نوازشریف واپس آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص 21 اکتوبر کو واپس آرہا ہے اس نے عوام کی خاطر اقتدار کے دن کم اور مشکلات کے زیادہ دیکھے، 7 سال سے جو اداسی پاکستان پر چھائی تھی وہ امید میں بدلتی جارہی ہے،مریم نواز نے کہا کہ شیر کو ہرانے اور مٹانے والے کئی آئے اور کئی گئے، شیر وہیں کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آج پاکستان کے کونے کونے سے آوازیں آ رہی ہیں وزیراعظم نوازشریف، آج سفید پوش کے گھر بیماری آجائے تو سوچتا ہے بل ادا کروں یا دوائی لوں، سازش کے ذریعے نوازشریف کو 2017ء میں اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان کا یہ حال ہوتا؟

مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ 4 سال جوکروں کی حکومت تھی، گزشتہ حکومت میں جو جتنی بڑی گالی دیتا تھا اس کو اتنی بڑی وزارت ملتی تھی۔ جنہوں نے خدمت کرنی تھی وہ گالی دیتے رہے اور الزامات لگاتے رہے، ہم کسی کو گالی نہیں دیتے، نوازشریف اس بار پھر آئیں گے اور ملک کو ٹھیک کرکے دکھائیں گے، نوازشریف نے کسی سے شاباش نہیں لینی کیونکہ وہ اس مٹی کا بیٹا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  نوازشریف باہر سے امپورٹ ہو کر نہیں آئے، نوازشریف کو کسی نے فارن فنڈنگ کے ذریعے ملک میں لانچ نہیں کیا، یہ مٹی ہماری ہے اور ہم نے ٹھیک کرنا، انشاءاللہ کر کے دکھائیں گے، نوازشریف واپس آرہے ہیں اور اس ملک کے اچھے دن بھی۔

21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں ، مریم نواز



مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ  نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر پاکستان کی ترقی کا ویژن دیں گے۔

مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی کے اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسیحی ، سکھ اور ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے عہدیداران نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا  کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں، نوازشریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہے ہیں، 21 اکتوبرکو پاکستان کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوشحالی اور امن وسکون بھی نکل گیا، نواز شریف مینار پاکستان پر پاکستان کو معاشی آزادی دلانے کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ  اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور قائد اعظم کے فرمودات کی خلاف ورزی ہے، قومی فیصلہ سازی میں اقلیتوں کے کردار اور آواز کو بڑھانا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا، اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکا دئیے ، سانحہ میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔

نواز شریف زیادہ طاقتور ہو کرآرہے ہیں،نکالنے والے عبرت کانشان بن گئے، مریم نواز



پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’نواز شریف سے سب کچھ چھیننے والے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں۔
لاہورمیں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کاکہناتھا کہ نوازشریف کوجب بھی نکالا گیا تو وہ زیادہ طاقتور ہو کرواپس آئے۔
مریم نوازکاشاہدرہ میں خطاب کے دوران کہناتھا کہ وہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی سے پہلے مختلف جگہوں پر جلسے کر کے لوگوں کو مینارِ پاکستان آنے کی دعوت دینا چاہتی ہیں۔


اپنے خطاب میں مریم نواز نے کسی کانام لئے بغیر کہا کہ جن افراد کا نواز شریف کو نکالنے میں کردار تھا وہ آج کہیں دکھائی نہیں دے رہے اور تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں کیونکہ نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا۔ مریم نے پی ٹی آئی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کے لیڈر پر مشکل آئی نہیں اور ان کی جماعت کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے۔
مریم نوازکاکہناتھا کہ نواز شریف نے سیاسی انتقام تو سہا، جھوٹے مقدمات بھی سہے، جھوٹی سازش بھی سہی، جیلیں بھی سہیں، سزا بھی سہی ، نواز شریف نے جو ذاتی نقصانات اپنے سینے پر برداشت کیے ان کا نہ کوئی اندازہ کرسکتاہے نہ ازالہ کر سکتاہے۔
’آج جب 21 اکتوبر کو نواز شریف رائیونڈ گھر واپس جائے گا تو اس کا استقبال کرنے کے لیے اس کی بیوی اور میری ماں موجود نہیں ہو گی۔ اس کو دعا دینے والی ماں موجود نہیں ہو گی۔ یہ زخم جو اس نے سینے پر کھائے ہیں وہ پوری زندگی نہیں بھر سکتے لیکن نواز شریف واپس ملک اور عوام کے لیے آ رہا ہے
مریم نواز نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مہنگائی، بیروزگاری اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنیوالا اور پاکستان کے سینے پر لگے زخموں پر مرہم رکھنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے ‘
انھوں نے دعویٰ کیا کہ 21 اکتوبر کو دراصل پاکستان سستے بجلی، گیس اور پیٹرول کی بھی واپسی ہو گی

پاکستان کے عوام اپنے قائد نوازشریف کا استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں،مریم نواز



لاہور/لندن ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد میاں نوازشریف کا استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔

پاکستان کے وکلاء نوازشریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں ،سینکڑوں عدالتی پیشیاں ہوں، یا جیل کی قید ہر جگہ ساتھ کھڑے رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) وکلاء ونگ کے پارٹی قائد میاں نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے ماڈل ٹائون میں منعقدہ اہم اجلاس میں لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا ۔

اجلاس میں سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ ،نصیر بھٹہ،عطا اللہ تارڑ،محسن رانجھا، انوشہ رحمان،عظمی بخاری،رانا ارشد ،صدر لائرز ونگ رانا ظفر اقبال ،جنرل سیکرٹری عنصر بلوچ ، خاور اکرام بھٹی،رفاقت ڈوگر،صفدر جٹ،ملک شہباز نٹھر، امتیاز الہی،ناصر چوہان،ملک ذیشان اعوان اور پنجاب بھر سے آئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔