Tag Archives: مصر امن اجلاس

مصر امن اجلاس: عرب ممالک نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کر دیا



مصر کی سربراہی میں ہونے والے امن اجلاس میں سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک نے غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کی مذمت کی ہے اور لوگوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔

قاہرہ میں ہونے والے امن اجلاس میں فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی اپنی زمین سے بے دخل نہیں کر سکتا، نہ ہی ہم اپنی سرزمین چھوڑیں گے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی ناگزیر ہے، غزہ میں بسنے والوں کو بے گھر کرنے کی کوششیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو پابند بنائے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے۔

اردن کے شاہ عبداللہ نے کہاکہ فلسطینیوں کو جبری طور پر غزہ سے نکالنا جنگی جرم ہے۔

اجلاس کے میزبان مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل ناگزیر ہے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی مسئلہ حل ہو گا، امید ہے شرکا اس سلسلے میں اقدامات کریں گے۔

اجلاس میں عرب ممالک کے علاوہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی اور غزہ کی صورت حال پر اپنا موقف سامنے رکھا۔