سابق وفاقی وزیر خزانہ و سینیئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عوام کی جانب سے موقع دیا گیا تو ایک بار پھر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے پاناما کو ڈرامہ کہتے ہوئے کہا کہ صرف ایک شخص کو ملک پر مسلط کرنے کے لیے یہ سب کیا گیا تھا، صرف ایک شخص کی خاطر پاکستان کو 24 ویں معیشت سے 47ویں معیشت پر پہنچا دیا گیا۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت تو لگتا ہے، ہمارے پاس جادو کی چھڑی تو نہیں کہ جو گھمائیں اور سب کچھ ٹھیک ہو جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمیں اگر دوبارہ موقع ملتا ہے تو معاشی پلان وہی ہو گا جو ماضی میں تھا، 16 ماہ کے دوران تو صرف پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے تھے، وہ ضرور سرخرو ہوں گے۔ ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملک دومنٹ میں ٹھیک نہیں ہوسکتا، 10 سے 15 سال لگیں گے۔