Tag Archives: ملازمین بحالی

سرکاری ملازمین کی بحالی اور مستقلی کی سفارشات پر عملدرآمد روکنے کا حکم



قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کی سفارشات کے تحت سرکاری ملازمین کی بحالی اور مستقل کرنے کی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد روکنے کا عدالتی حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ حکم اسلام آباد ہائیکورٹ نے منگل کے روزجاری کرکیا ۔
عدالت عالیہ نے اس حوالے سے اپنےفیصلے میں قرار دیا ہے کہ اگر کسی سرکاری محکمے نے اس کمیٹی کی ملازمین کی بحالی کی سفارشات پر عمل کیا ہے تو ان احکامات کو ختم کر دیا جائے کیونکہ قومی اسمبلی کے رولز آف بزنس کے تحت اس سپیشل کمیٹی اپنے مقرر کردہ اختیارات سے تجاوزکیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بھی خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی حمایت نہیں کی۔
عدالت نے کہا کہ سپیشل کمیٹی کے پاس صرف پارلیمنٹ کو سفارشات بھیجنے کا مینڈیٹ تھا لیکن کمیٹی نے براہ راست اداروں کو ہدایات بھیجنا شروع کردی تھیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکرہے کہ کمیٹی نے ای او بی آئی کو 358 ملازمین کو بحال کرنے کا حکم دیا حالانکہ ان کی برطرفی عدالتی حکم کے تحت ہوئی تھی۔ جس سے یہ تاثر ملا کہ کمیٹی قانون سے بالا تر ہے اور اپنے آئینی مینڈیٹ کے خلاف اداروں میں اختیارت کی تقسیم کی اسکیم کیخلاف کام کررہی ہے۔
عدالت نے کمیٹی کی طرف سے ایف آئی اے افسران کو جاری کئے گئے شوکاز نوٹس کو بھی غیر قانونی قرار دیدیا ہے۔
پاکستان اسٹیل ملز ، ای او بی آئی و دیگر نے خصوصی کمیٹی کی ملازمین کے حوالے سے سفارشات کو چیلنج کیا تھا ۔
خصوصی کمیٹی نے کنٹریکٹ ، ڈیلی ویجر اور پروجیکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ قادر خان مندوخیل خصوصی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کی کمیٹی کے چیئرمین تھے۔