بھارتی خفیہ ایجنسی (ر ا) کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے را سے رابطہ رکھنے والے 5 ملزمان معیز احمد، مہران یونس، فیضان کیانی، ارسلان واجد اور نعمان ستار کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ملزمان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگوں کا کیا مسئلہ ہے؟ ریمانڈ میں صرف ایسے آنا جانا نہیں چلتا رہے گا، کیا آپ کو اپنا ملک پیارا نہیں؟ اس دھرتی نے آپ کو پالا پوسا ہے۔
ملزمان نے جواب دیا کہ ہمیں ہمارا ملک پیارا ہے، جس پر جج نے ریمارکس دیےکہ ہمارے ملک کی کیا یہ قیمت ہے جو آپ نے کیا ہے؟
ملزمان نے جواب دیا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی ہے، مسجد کے نام پر پیسے لینے پر پھنسایا گیا ہے۔
جج نے ریمارکس دیےکہ اتنی بڑی رقم سامنے آئی ہے، آپ احساس کریں، دنیا میں بھی جواب دینا ہے اور آخرت میں بھی، پیسا یہیں رہ جائے گا، دنیا میں لالچ بہت ملے گی، ایسی سوچ چھوڑ دیں، اچھا انسان بننے کی کوشش کریں اور دھرتی پر کرم کریں۔
بعد ازاں عدالت نے پانچوں ملزمان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
۔