Tag Archives: میانوالی

میانوالی میں ٹریفک حادثہ، سرائیکی گلوکار شرافت علی سمیت 7 افراد جاں بحق



پنجاب کے علاقے میانوالی میں تیز رفتار جیپ نہر میں گر گئی ہے جس کے نتیجے میں سرائیگی گلوکار شرافت علی خیلوی سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدقسمت جیپ کو حادثہ میانوالی کے علاقے واں بھچراں میں پیش آیا ہے جہاں تیزرفتاری کے باعث جیپ بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی۔

حادثے میں 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے جن میں سرائیکی گلوکار شرافت علی خیلوی بھی شامل ہیں۔

ٹریفک حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو نہر سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔

میانوالی میں ہلاک دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی



میانوالی: میانوالی میں پولیس مقابلے میں ہلاک دونوں دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی۔

خبررساں ادارے این این آئی نے کائونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت زبیر نواز اور محمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا، زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

دوسرے دہشت گرد محمد خان کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا۔ دونوں دہشتگردوں کی شناخت انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے ہوئی۔

میانوالی: کنڈل پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک



پنجاب کے علاقے میانوالی میں کنڈل کے مقام میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کی پیٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر 10 سے 12 دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، اس دوران چیک پوسٹ کی چھت پر موجود اہلکار کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی جس سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس کا بتانا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملہ دو اطراف سے کیا گیا مگر پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پولیس سپاہی کی شناخت ہارون خان کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق بھاگنے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔