Tag Archives: واپڈا

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ



لاہور( این این آئی) مالی سال 2023-24 پاکستان میں پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے حوالے سے اہم سال ثابت ہورہا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں نے نیشنل گرڈ کو 15 ارب 2لاکھ یونٹ پن بجلی مہیا کی ہے، جو پچھلے سال اسی عرصہ کے دوران پیدا ہونے والی پن بجلی کے مقابلے میں ایک ارب 78کروڑ 80 لاکھ یونٹ زیادہ ہے۔

اِس اضافی پن بجلی کی پیداوار سے قومی خزانے کو تقریباً 50 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، اگر پن بجلی کی اِس اضافی پیداوار کے برابر درآمدی فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنا پڑتی تو قومی خزانے کو تقریباً 50 ارب روپے مزید خرچ کرنا پڑتے۔

مذکورہ سہ ماہی کے دوران پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے عوامل میں پانی کی بہتر صورتِ حال، واپڈا پن بجلی گھروں کے موثر آپریشن اور دیکھ بھال کے علاوہ رواں سال اگست میں نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار کا دوبارہ آغاز شامل ہیں۔