Tag Archives: وزیراعظم

وزیراعظم، وزیر اطلاعات و دیگر کی چینی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد



چین کے 74 ویں قومی دن کے موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سمیت پوری چینی قوم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں نگراں وزیراعظم نے کہاکہ آج کی دنیا میں چین امن، استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کا مرکز بن چکا ہے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے پاک چین دوستی زندہ باد بھی تحریر کیا۔

وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ امید ہے کہ موجودہ سال اور آنے والے برسوں میں پاکستان اور چین کے تعلقات کامیابیوں کے نئے سنگ میل عبور کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین تعلقات باہمی احترام، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں،پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے دکھ سکھ کا ساتھی ہے۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو برطانوی وزیر خارجہ کا ٹیلیفون، دہشتگرد حملوں کی مذمت



نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹیلیفون کیا ہے اور دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلورلی نے مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اور اس امید کا اظہار کیا کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوں گے۔

اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے برطانوی حکومت کی جانب سے اظہار یکجہتی کرنے پر برطانیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے، جو لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں ان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جشن عید میلادالنبی ؐ پر صدر، وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات



ملک بھر میں آج جشن عید میلادالنبی ؐ بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس اہم دن کی مناسبت سے صدر مملکت عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نبی اکرم ﷺ کی زندگی وسیرت اور اس میں موجود تعلیمات پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔

عارف علوی نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تکک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اس وقت جن مشکلات اور نازک صورتحال سے دو چار ہے ان میں ہمیں نبی کریمﷺ کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں نبی اکرم حضرت محمدﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسولﷺ کا امتی بنایا کہ جو رحمتہ اللعالمین ہیں، آپ ؐ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابلِ تقلید ہے۔