Tag Archives: وزیر نجکاری

پاکستان سی پیک سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکا، برآمدات میں اضافہ نہ ہونا ہماری ناکامی ہے: وزیر نجکاری



نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکا۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ نہ ہونا ہماری سب سے بڑی ناکامی ہے، برآمدات جہاں بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے ضروری ہیں وہیں غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی مدد حاصل ہوتی ہے۔

وزیر نجکاری نے کہا کہ 2018 کے بعد تو سی پیک منصوبے پر کوئی کام ہی نہیں ہوا مگر 2013 سے 2018 کے دوران بھی ہم کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں 2013 میں یہ معلوم تھا کہ چند برسوں میں ہمیں رواں جاری کھاتوں میں نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور پھر 2018 میں ایسا ہی ہوا جس کی وجہ سے ملک کو ایک بار پھر آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت جو منصوبے زیر تکمیل نظر آ رہے ہیں یہ سب 2013 سے اسی طرح ہیں۔ چین نے مختلف ممالک کے ساتھ 3 ہزار سے زیادہ منصوبوں کے معاہدے کیے ہیں جن پر 800 ارب ڈالر سے زیادہ کی لاگت آئے گی جبکہ پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری صرف 25 ارب ڈالر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستانی معیشت کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ہم خود اس کے ذمہ دار ہیں۔