عدالت نے سول فراڈ مقدمے میں عدالتی حکم کی مکمل تعمیل نہ کرنے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 5 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ ایسا کرنے پر جیل بھیج دیا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک عدالت کے جج آرتھر اینگورون نے 77 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو حکم دیا کہ وہ 10 روز میں جرمانہ ’’نیویارک لائرز فنڈ فار کلائنٹ پروٹیکشن‘‘ میں جمع کرا دیں۔
عدالت نے سابق امریکی صدر کو خبردار کیا کہ جرمانہ جمع کرانے میں کوئی غلطی نہ کریں۔ اگر مستقبل میں دوبارہ عدالتی حکم کی تعمیل نہ کی تو انھیں جیل بھیج دیا جائے گا،جج آرتھر اینگورون نے مزید کہا کہ اگر ایسا دوبارہ ہوا تو ڈونلڈ ٹرمپ پر نہ صرف توہین عدالت عائد کی جائے گی جس پر قید کی سزا ہوسکتی ہے بلکہ زیادہ مالی جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جج اینگورون نے پرنسپل لاء کلرک کی توہین پر 3 اکتوبر کو ڈونلڈ ٹرمپ فکو اپنے سوشل پلیٹ فارم ٹرتھ پر عدالتی کلرک کے خلاف توہین آمیز پوسٹ ہٹانے کا حکم دیا تھا، سابق صدر کے بقول توہین آمیز پوسٹ کو اسی دن ٹروتھ سوشل سے ہٹا دیا گیا تھا۔
تاہم جج نے شکایت کی کہ یہ پوسٹ 2024 کے صدارتی الیکشن کی مہم کے سلسلے میں ٹرمپ کی ویب سائٹ پر 17 دنوں تک موجود رہی ہے جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔