Tag Archives: ٹوئٹر فیس

ایکس(ٹوئٹر) نے صارفین سے ماہانہ فیس وصولی کے تین پلان پیش کردیئے



مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) نے سوشل میڈیا کی سہولت استعمال کرنے والے صارفین سے ماہانہ فیس وصولی کے تین مختلف پلان متعارف کرادیے ۔

اب ایکس کے صارفین ’بیسک‘ پلان کے ساتھ ’اسٹینڈرڈ‘ اور ’پریمیم پلس‘ کا پلان لے سکیں گے اور انہیں پلان کے حساب سے ماہانہ فیس ادا کرنی ہوگی۔

ایکس کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق اب صارفین ’اسٹینڈرڈ‘ یعنی پہلے والے ماہانہ 8 امریکی ڈالر کے منصوبے کے علاوہ ’پریمیم پلس‘ اور ’بیسک‘ پلان بھی خرید سکتے ہیں۔

ایکس کے ’پریمیم پلس‘ کی ماہانہ فیس ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے 16 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، تاہم ممکنہ طور پر موبائل صارفین کے لیے اس کی فیس میں مزید دو ڈالر کا اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

مذکورہ سبسکرپشن پلان لینے والے صارفین اپنے اکاؤنٹ پر کسی طرح کا کوئی اشتہار نہیں دیکھیں گے اور انہیں ہر ٹوئٹ میں فوقیت دی جائے گی، ان کی پوسٹس کو پھیلایا جائے گا، علاوہ ازیں ان کی جانب سے کمنٹس کے ریپلائی کو بھی زیادہ آویزاں کیا جائے گا۔

پریمیم پلس کا پلان لینے والے صارفین کو متعدد ایسے فیچرز تک رسائی دی جائے گی جو انہیں مواد تیار کرنے اور پوسٹس کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔

ایکس نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ اب صارفین ’بیسک‘ سبسکرپشن پلان بھی لے سکیں گے، جس کے تحت انہیں ٹوئٹس کو ایڈٹ کرنے، طویل ٹوئٹ کرنے اور ان کی ٹوئٹس کو عام اکاؤنٹ سے بہتر انداز میں نمایاں کرنے جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاہم انہیں بلیو ٹک نہیں ملے گا۔

اسی طرح ایکس کی جانب سے پرانا اور پہلا سبسکرپشن پلان ’اسٹینڈرڈ‘ بھی موجود رہے گا، جس کے تحت صارفین ماہانہ 8 امریکی ڈالر ادا کرتے ہیں اور انہیں بلیو ٹک بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایکس کے سب سے مہنگے سبسکرپشن پلان ’پریمیم پلس‘ کی سالانہ فیس 47 ہزار امریکی ڈالر سے زائد ہوگی یعنی ایسے صارفین ایکس کو سالانہ پاکستانی سوا کروڑ روپے سے زائد کی فیس ادا کریں گے۔