پشاور:سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک کی نئی سیاسی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے پشاور میں اپنی طاقت دکھادی۔
جمعہ کے روز پشاور میں پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے ورکرزکنونشن کاانعقاد کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں پرویز خٹک نے کرپٹ سیاستدانوں کی مذمت کی اور پی ٹی آئی کو جھوٹے وعدوں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
پرویز خٹک نے پی ٹی آئی چیئرمین آئی کے کو ان کے غیر سیاسی اور ضدی رویے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں نے عمران خان کی بے وقوفی کی وجہ سے ان کا ساتھ چھوڑ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ریاست اورریاستی اداروں کے ساتھ لڑائی چاہتاہے لیکن ریاست سے لڑائی کو کوئی جیت نہیں سکتا۔
پرویزخٹک نے کہاکہ ملک کے لیے دیانتدار سیاسی قیادت وقت کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے سامعین سے کہاکہ وہ ایک ایماندار لیڈر کا انتخاب کریں اور بدمعاشوں کو اقتدار میں آنے سے باز رکھیں۔
انہوں نے اپنے دور میں مکمل ہونے والے منصوبوں بی آرٹی، صحت کارڈ اور امن وامان کی بحالی پر بھی روشنی ڈالی۔
کنونشن پشاور کےعلاقے ہزارخوانی کے گلستان پارک میں ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ محمود خان،️سابق ایم پی اے اقبال وزیر،اشتیاق ارمڑ،ضیاء اللہ بنگش،پیر فدا، ارباب وسیم، واجد علی ،سابق ایم این اے شوکت علی کے ساتھ مفتی ظفر اور پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سید اسرار باچانے بھی شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور فلسطین اسرائیل تنازعہ پر خاموشی اختیار کرنے والے اسلامی ممالک کو تنقید کا نشانہ بنایا۔