Tag Archives: پولیس

گوجرانوالہ: میڈیکل کالج میں زیرتعلیم 2 فلسطینی طلبا حملے میں زخمی



گوجرانوالہ کے میڈیکل کالج میں زیرتعلیم فلسطین کے 2 طلبہ پر حملہ کیا گیا ہے جس سے وہ زخمی ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی طلبا پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی گئی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ فلسطینی طلبا کی ساتھی طالبات کے ساتھ کچھ اوباش لڑکے چھیڑ چھاڑ کر رہے تھے، منع کرنے پر فلسطینی طلبا پر دھاوا بول دیا۔

پولیس کے مطابق وقوعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں 6 ملزمان نامزد ہیں اور اب تک 4 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، 6 مزدور جاں بحق



بلوچستان میں تربت کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ایک مکان میں فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 6 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 2 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ مرنے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تربت میں فائرنگ سے جن لوگوں کی اموات ہوئی ہیں ان کا تعلق پنجاب سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ لوگ تعمیراتی کام کے لیے علاقے میں موجود تھے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ہیں اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت رضوان، محمد نعیم، شفیق احمد، وسیم اور شہباز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں میں توحید اور غلام مصطفیٰ شامل ہیں۔

خاتون سے زیادتی کی کوشش: شہریوں نے ملزم کا منہ کالا کر کے گلے میں جوتوں کا ہار پہنا دیا



نوشہرہ میں خاتون سے زیادتی کی کوشش کرنے والے شخص کو شہریوں نے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ واقعہ وادی سون نوشہرہ میں پیش آیا ہے جہاں پر ملزم نے خاتون کو گھر پر اکیلا پا کر مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی۔

ملزم کی جانب سے زیادتی کی کوشش پر خاتون نے شور مچایا جس پر اہل محلہ اکٹھے ہو گئے اور ملزم کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر منہ کالا کر کے گلے میں جوتوں کا ہار پہنایا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد چھوڑ دیا گیا جبکہ خاتون نے قانونی کارروائی سے بھی انکار کر دیا۔

بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا



ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زرین خان کے خلاف دھوکا دہی کے الزام میں جاری ہونے والا وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیا گیا۔

اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ 2018 میں دھوکا دہی کے الزام میں ان کے خلاف کیس داخل کیا گیا تھا، تاہم کولکتہ ہائیکورٹ نے ان کی گرفتاری کا وارنٹ منسوخ کرنے کا حکم دیا۔

زرین خان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں ملوث پولیس افسر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زرین خان نے نہ تو ضمانت کی درخواست دائر کی اور نہ ہی عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، ان کی بار بار غیر حاضری پر گرفتاری کا ورانٹ جاری کیا گیا۔

دوسری جانب زرین کے وکیل کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے کسی کو دھوکا نہیں دیا، دراصل یہ بات ہی غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔

10سنگین مقدمات میں مطلوب دہشتگرد مقابلے میں ہلاک، اسلحہ اور دستی بم برآمد



ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں پولیس اور دیگر اداروں نے کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کو مطلوب انتہائی مطلوب دہشت ہلاک ہو گیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس نے بتایا ہے کہ پولیس کے البرق یونٹ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا ہے جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کو مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گیا ہے۔

ہلاک ہونے والا دہشت گرد کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو 10 مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر تھی۔

سی پی او نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی خان میں پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کا حملہ



صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں کلاچی پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملے کے موقع پر نامعلوم افراد اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔

لاہور: قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے والا ملزم گرفتار



لاہور میں پولیس نے کارروائی عمل میں لائی ہے اور قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مانی نامی ملزم کی گرفتاری ساندہ پولیس نے عمل میں لائی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذہنی مریض معلوم ہوتا ہے جس کے خلاف دفعہ 297 کے تحت ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے، ملزم کی جانب سے اب تک 5 بچوں کی لاشیں قبروں سے نکالی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کی قبروں پر مٹی ڈالنے کے خلاف تھا اور اسی وجہ سے تدفین کے چند گھنٹے بعد لاش نکال کر 10 سے 15 گز کے فاصلے پر رکھ دیتا تھا۔

یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مانی نامی ملزم لاش کے ورثا کو اطلاع بھی خود ہی دیا کرتا تھا، پولیس کے مطابق مزید کارروائی کا عمل جاری ہے۔