بونیر کے علاقے ایلم غر میں پولیس وین پر راکٹ حملے میں ڈرائیور امیر زاد جاں بحق اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس وین ایلم غر میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں شریک فورسز کے لیے خوراک لے کر جا رہی تھی کہ ایلم کے راستے میں جبراسے گورنمنٹ اسکول کے قریب حملے کا نشانہ بن گئی۔ واقعے کے بعد پولیس اور فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور جاں بحق اور زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا۔
مقامی پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ سوات بونیر کے سنگم پر پیش آیا جہاں ایلم پولیس اسٹیشن کی موبائل وین پر راکٹ داغا گیا، جس میں ایک اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں۔