ویٹی کن سٹی: مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہم جنس پرست شادیوں کے حوالے سے انتہائی اہم پالیسی بیان دیا ہے ۔
عالمی خبررساں ادارے کے مطابق ہم جنس پرستی کو جرم قرار دینے والے پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ کیتھولک چرچ ہم جنس پرستوں جوڑے کو شادی کے بعد دعا دینے کے لیے کھلے ہیں۔
کارڈینلز کے ایک گروپ نے سوال پوچھا تھا کہ کیا شادی کرنے والا نوبیاہتا ہم جنس پرست جوڑا اپنی زندگی میں خیر و برکت کی دعا کے لیے کیتھولک چرچ سے رابطہ کرسکتا ہے۔
جواب میں پوپ فرانسیس نے کہا کہ خیر و برکت کے لیے کسی بھی دعا کی درخواست پر “پادری” سے رابطہ کیا جانا چاہیے اور چرچ کو ایسی درخواستوں کو مسترد یا خارج نہیں کرنا چاہیے۔
انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر کوئی جوڑا چرچ آکر کسی رشتے میں خیر و برکت کی دعا کرانے کی درخواست کرے تو بشپ کو نرمی سے کام لینا چاہیے کیوں کہ جب کوئی خیر و برکت کی دعا کرنے کا کہتا ہے تو یہ خدا سے مدد کی درخواست اور بہتر زندگی گزارنے کی خواہش ہوتی ہے، جس سے انکار نہیں کیا جانا چاہیے۔
تاہم پوپ فرانسس نے چرچ کے اس موقف کو بھی دہرایا کہ ہم جنس پرستی کو “معروضی طور پر گناہ” سمجھا جاتا ہے اور چرچ ہم جنس پرستوں کی شادی کو تسلیم نہیں کرے گا۔