لاہور ( این این آئی) اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اہلخانہ کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
اینٹی کرپشن عدالت میں چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی ، بیٹے راسخ الٰہی اور زہرہ الٰہی کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
جج علی رضا اعوان نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ اینٹی کرپشن سے تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ عدالت نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا، ملزمان کی جانب سے ضمانتی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔