چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، منصفانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبران اور پنجاب کابینہ کے ارکان نے شرکت کی ، اجلاس میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر عام انتخابات کے پرُامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے سلسلے میں نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے فوکل پرسن مقرر
کرے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے، پنجاب حکومت کے الیکشن کے حوالے سے اقدامات سے مطمئن ہیں، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔