ممبئی (این این آئی)کرینہ کپور نے شاہ رخ اور عامر کے کام کے انداز کا فرق بتا دیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کرینہ کپور نے بتایا کہ عامر خان بہت زیادہ انہماک کے ساتھ کام کرتے ہیں، وہ بالکل اس کردار میں ڈھل جاتے ہیں جسے ادا کر رہے ہوں اور اسے لے کر بہت حساس ہوجاتے ہیں۔
کرینہ کپور نے کہا کہ عامر خان صرف ان ہی لوگوں کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں جن کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں، بات کر رہے ہوتے ہیں اور یہ ان کی شخصیت ہے، مجھے اس بات پر عامر خان بہت پسند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں خود عامر خان کی بڑی مداح ہوں، میں انہیں کہتی ہوں کام کو خود پر زیادہ سوار نہ کریں لیکن وہ اس قدر حساس ہوجاتے ہیں کہ آپ کچھ نہیں کرسکتے۔کرینہ کپور نے کہا کہ شاہ رخ سینماء کے شاہ ہیں، بادشاہ ہیں، لوگ ان کے متعلق جتنی بھی تعریف کر رہے ہیں وہ کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ کسی اور چیز سے بنے ہیں، وہ کسی ایسے اجزا سے بنے ہیں جس سے کسی دوسرے انسان کو نہیں بنایا گیا، وہ سیٹ پر ہر شخص کے ساتھ کام کرتے ہیں، صرف اپنے کردار میں نہیں ڈوبتے۔
کرینہ کپور نے کہا کہ شاہ رخ خان ایک ہی وقت میں سب کام کر رہے ہوتے ہیں اور مجھے خود نہیں معلوم وہ ایسا کیسے کرتے ہیں، وہ بھارت کے سب سے بڑے سٹار ہیں لیکن جب آپ ان کے ساتھ ہوں گے تو وہ آپ کو یہ احساس نہیں ہونے دیں گے کہ وہ بڑے ہیں۔